پشاور : پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) پشاور سٹی کی تنظیم میں اختلافات مزید شدت اختیار کر گئے ہیں، ایسٹ کے نائب صدر عباس خان نے بھی اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے۔
عباس خان نے اپنے استعفے کی کاپی ضلعی صدر کو ارسال کرتے ہوئے کہا کہ وہ ذاتی وجوہات کی بنا پر عہدے سے مستعفی ہو رہے ہیں۔اس سے قبل، پشاور سٹی کے سینئر نائب صدر ملک اسلم اور جنرل سیکرٹری تقدیر علی بھی اپنے عہدوں سے استعفیٰ دے چکے ہیں۔ تقدیر علی نے اپنا استعفیٰ باضابطہ طور پر ایک ویڈیو پیغام کے ذریعے اعلان کیا تھا۔
ذرائع کے مطابق، پشاور سٹی تنظیم میں مزید عہدیداروں کے استعفے آنے کا امکان ہے۔ ضلعی قیادت کی جانب سے مستعفی ہونے والے عہدیداروں کو منانے کی تمام کوششیں ناکام ہو چکی ہیں، جس سے پارٹی کی مقامی قیادت کے اندر افراتفری کی صورت حال پیدا ہو گئی ہے۔