نیشنل ایکشن پلان: ایپکس کمیٹی کا اجلاس کل وزیراعظم ہاؤس میں طلب

02:43 PM, 17 Nov, 2024

نیوویب ڈیسک

اسلام آباد: نیشنل ایکشن پلان کے تحت داخلی سلامتی کی صورتحال کو مزید مستحکم کرنے کے لیے ایپکس کمیٹی کا اہم اجلاس کل، پیر کو وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت وزیراعظم ہاؤس میں طلب کیا گیا ہے۔ اجلاس میں ملک میں امن و امان کی مجموعی صورتحال، انسداد دہشتگردی کے قومی ایکشن پلان پر عمل درآمد، اور دیگر اہم مسائل پر غور کیا جائے گا۔

 اس اہم اجلاس میں آرمی چیف جنرل عاصم منیر، ڈی جی آئی ایس آئی اور دیگر انٹیلی جنس اداروں کے سربراہان بھی شریک ہوں گے۔ اجلاس کے دوران دہشتگردی کیخلاف کیے گئے اقدامات پر بریفنگ دی جائے گی اور امن و امان کی صورتحال کے بارے میں تفصیل سے گفتگو کی جائے گی۔

 اجلاس میں دہشتگردی کے خلاف حکومت کے اقدامات کا جائزہ لیا جائے گا اور نیشنل ایکشن پلان کے تحت کی جانے والی پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے درمیان کوآرڈینیشن کو مزید بہتر بنانے کے حوالے سے اہم فیصلے کیے جا سکتے ہیں۔

اس کے علاوہ  انٹیلی جنس اداروں کے درمیان معلومات کی مؤثر شیئرنگ پر بھی غور کیا جائے گا تاکہ دہشتگردی کی روک تھام کے لیے فوری اقدامات کیے جا سکیں۔ خاص طور پر خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں دہشتگردی کے بڑھتے ہوئے واقعات کی وجوہات کا بھی جائزہ لیا جائے گا اور اس کے تدارک کے لیے حکمت عملی مرتب کی جائے گی۔ اجلاس میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کے نتائج اور ان کی کامیابیوں پر بھی تفصیل سے بات کی جائے گی۔

 اس اجلاس کا مقصد ملک کی داخلی سلامتی کو مزید مستحکم بنانا ہے تاکہ دہشتگردی کے بڑھتے ہوئے واقعات پر قابو پایا جا سکے اور نیشنل ایکشن پلان پر مؤثر طریقے سے عمل درآمد کو یقینی بنایا جا سکے۔ اس کے علاوہ، حکومت اور سیکیورٹی اداروں کی مشترکہ کوششوں کو مزید مضبوط کرنے کے لیے اہم فیصلے متوقع ہیں۔

مزیدخبریں