اسلام آباد: ادارہ شماریات کی تازہ رپورٹ کے مطابق، پاکستان کی برآمدات میں 11 فیصد اضافہ ہوا ہے، جب کہ تجارتی خسارے میں 4.12 فیصد کمی دیکھنے کو ملی ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ رواں مالی سال کے پہلے چار ماہ میں یہ بہتری آئی ہے، جو ملکی معیشت کے لیے ایک مثبت اشارہ ہے۔
رپورٹ کے مطابق، اکتوبر 2024 میں پاکستان کی برآمدات 2 ارب 98 کروڑ ڈالر تک پہنچ گئیں، جو کہ اکتوبر 2023 کے مقابلے میں 11 فیصد زیادہ ہیں۔ اسی طرح، رواں مالی سال کے پہلے چار ماہ میں برآمدات 13.55 فیصد بڑھ کر 10 ارب 88 کروڑ 90 لاکھ ڈالر تک پہنچ گئی ہیں۔
اگر بات کی جائے درآمدات کی تو اکتوبر 2024 میں یہ 6 فیصد اضافے کے ساتھ 4 ارب 60 کروڑ ڈالر تک پہنچ گئیں، تاہم ستمبر 2024 کے مقابلے میں اکتوبر میں درآمدات میں ایک فیصد کمی آئی۔ تجارتی خسارے کے حوالے سے بھی رپورٹ میں خوشخبری ہے۔ اکتوبر 2024 میں تجارتی خسارہ 26 فیصد کمی کے ساتھ 1 ارب 60 کروڑ ڈالر رہا، جب کہ ستمبر کے مقابلے میں یہ خسارہ 11.7 فیصد کم ہوا۔
رواں مالی سال کے ابتدائی چار ماہ میں تجارتی خسارہ 4.12 فیصد کمی کے ساتھ 7 ارب 8 کروڑ ڈالر تک پہنچ گیا، جب کہ پچھلے مالی سال کے اسی عرصے میں تجارتی خسارہ 7 ارب 38 کروڑ 70 لاکھ ڈالر تھا۔