لاہور : پاکستان کے مختلف حصوں میں موسم سرد اور خشک رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے، جبکہ خیبر پختونخوا، بلوچستان اور گلگت بلتستان کے پہاڑی علاقوں میں بارش اور برفباری کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق، اسلام آباد اور اس کے گردونواح میں موسم خشک رہے گا، تاہم صبح اور رات کے اوقات میں سردی میں مزید اضافہ ہونے کا امکان ہے۔ چترال، دیر، سوات، کوہستان، شانگلہ، بٹگرام، بونیر، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور، مالاکنڈ، باجوڑ، مردان، مہمند، چارسدہ، صوابی، نوشہرہ، پشاور، خیبر، کوہاٹ اور کرم میں بھی بارش اور برفباری کی پیشگوئی کی گئی ہے، جس سے ان علاقوں کا موسم مزید سرد ہو سکتا ہے۔
دوسری جانب، لاہور، قصور، اوکاڑہ، سیالکوٹ، حافظ آباد، ٹوبہ ٹیک سنگھ، جھنگ، خانیوال اور فیصل آباد میں اسموگ اور شدید دھند چھانے کا امکان ہے، جس سے نظر کی حد کم ہونے کی وجہ سے ٹریفک کی روانی متاثر ہو سکتی ہے۔ محکمہ موسمیات نے شہریوں کو اسموگ کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ شدید سردی اور بارشوں کے باعث پہاڑی علاقوں میں برفباری کی شدت میں اضافہ ہو سکتا ہے، جس سے سیاحوں اور مقامی افراد کو مشکلات کا سامنا ہو سکتا ہے۔ اس کے علاوہ، اسموگ اور دھند کی شدت نے پنجاب کے میدانی علاقے خاص طور پر متاثر کیے ہیں، جس کے باعث صبح اور رات کے اوقات میں سفر کے دوران احتیاط کی ضرورت ہوگی۔
محکمہ موسمیات نے مزید بتایا کہ بارشوں اور برفباری کے دوران درجہ حرارت میں نمایاں کمی متوقع ہے، جس سے سردی کی شدت میں اضافہ ہو گا۔