وزیر اعظم شہباز شریف نے گندم کی خریداری کے لیے کمیٹی تشکیل دے دی

10:40 AM, 17 Nov, 2024

نیوویب ڈیسک

لاہور: وزیر اعظم شہباز شریف نے ملک میں گندم کی خریداری کے لیے ایک کمیٹی تشکیل دے دی ہے جس کا مقصد ربیع 2024 کے لیے گندم کی خریداری کی حکمت عملی تیار کرنا ہے۔

اس کمیٹی کے سربراہ وزیر خزانہ ہوں گے، اور یہ کمیٹی عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) کے نقطہ نظر کو مدنظر رکھتے ہوئے اپنے کام کا آغاز کرے گی۔ کمیٹی کے دیگر اراکین میں وزیر برائے نیشنل فوڈ سیکیورٹی اینڈ ریسرچ، وزیر تجارت، اور وزیر اعظم کے مشیر برائے سیاسی امور و بین الصوبائی رابطہ رانا ثنا اللہ بھی شامل ہیں۔

کمیٹی کا مقصد ملک میں گندم کی دستیابی اور قیمتوں کو مستحکم رکھنے کے لیے موجودہ مارکیٹ ریگولیٹری فریم ورک کا جائزہ لینا ہے۔ یہ کمیٹی 2024 کے ربیع سیزن کے لیے گندم کی خریداری کی پالیسی کی سفارشات تیار کرے گی، جس میں امدادی قیمت، وفاقی حکومت اور صوبوں کے درمیان خریداری کے طریقہ کار، اور گندم کی دستیابی کے حوالے سے اہم امور شامل ہوں گے۔

کمیٹی اپنی سفارشات اسٹیک ہولڈرز اور صوبوں کے ساتھ مشاورت کے بعد تیار کرے گی تاکہ ملک میں گندم کی قیمتوں کے استحکام اور دستیابی کو یقینی بنایا جا سکے۔

مزیدخبریں