بلوچستان کے ضلع قلات میں سکیورٹی فورسز کی پوسٹ پر دہشت گردوں کا حملہ، 7 جوان شہید

10:34 AM, 17 Nov, 2024

نیوویب ڈیسک

قلات: بلوچستان کے ضلع قلات کے علاقے شاہ مردان میں سکیورٹی فورسز کی پوسٹ پر دہشت گردوں کے حملے کی کوشش کے دوران 7 جوان شہید ہوگئے۔

 پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق دہشت گردوں نے 15 اور 16 نومبر کی درمیانی رات سکیورٹی فورسز کی پوسٹ پر حملہ کرنے کی کوشش کی، جس پر فورسز نے بہادری سے مقابلہ کیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق، شدید فائرنگ کے تبادلے میں 6 دہشت گرد ہلاک ہوگئے جبکہ 4 دہشت گرد زخمی ہوئے۔ تاہم، اس دوران سکیورٹی فورسز کے 7 جوان شہید ہوگئے، جنہوں نے دشمن کا ڈٹ کر مقابلہ کیا اور اپنی جانوں کی قربانی دی۔

آئی ایس پی آر نے مزید بتایا کہ علاقے میں موجود دیگر ممکنہ دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔ فورسز کا کہنا ہے کہ بلوچستان کے امن و ترقی کو سبوتاژ کرنے کی کوششیں کامیاب نہیں ہونے دی جائیں گی اور بہادر جوانوں کی قربانیاں قوم کا عزم مزید مضبوط کرتی ہیں۔

مزیدخبریں