ملزم افنان تحفظ کیس، بغیر لائسنس گاڑی چلانے والے قاتل ہیں، سخت کارروائی کی جائے: لاہور ہائیکورٹ 

10:59 PM, 17 Nov, 2023

نیوویب ڈیسک

لاہور : ڈیفنس میں گاڑی کی ٹکر سے چھ افراد  کے قتل  کیس میں  لاہور ہائیکورٹ نے ملزم افنان کے تحفظ کی درخواست پر عبوری تحریری حکم جاری کردیا ۔ 

جسٹس علی ضیاء باجوہ نے دو صفحات پر مشتمل تحریری حکم جاری کیا ۔ حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ  سڑکوں پر بغیر لائسنس گاڑیاں چلانے والے چلتے پھرتے قاتل ہیں۔ متعلقہ اداروں کی ذمہ داری ہے کہ وہ ایسی لاقانونیت پر ایکشن لیں ۔

تحریری حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ سی ٹی او نے عدالت کو بتایا کہ لاہور میں 73 لاکھ گاڑیاں رجسڑڈ ہیں۔ صرف 13 لاکھ افراد کے پاس ڈرائیونگ لائسنس ہے۔ایسی صورتحال بہت تشویشناک ہے۔

تحریری حکم نامے کے مطابق متعلقہ اداروں کو ہدایت کی جاتی ہے کہ سختی سے اس عمل کو روکیں ۔کارروائیوں کے دوران کسی شہری کو بلا جواز ہراساں نہ کیا جائے ۔سی ٹی او اور ایس ایس پی آپریشنز آئندہ سماعت پر تفصیلی رپورٹ جمع کرائیں ۔ایس ایس پی انوسٹی گیشن آئندہ سماعت پر مقدمے کے  مکمل ریکارڈ کے ساتھ عدالت پیش ہوں ۔ 

تحریری حکم میں مزید کہا گیا ہے کہ گاڑیوں کی رجسٹریشن کرنے والی اتھارٹی بھی آئندہ سماعت پر رپورٹ پیش کرے کہ کن بنیادوں پر رجسٹریشن کی جاتی ہے ۔یہ مفاد عامہ کا معاملہ ہے جس کے لیے عدالت کو معاونت درکار ہے ۔ احمد پنسوتا اور ایڈووکیٹ میاں علی حیدر کو عدالتی معاون مقرر کیا جاتا ہے۔ 

مزیدخبریں