لاہور : وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے کہا ہے کہ سب ملکر سموگ کے خاتمے کیلئے کوشش کریں، عوام بھی اپنا کردار ادا کریں۔ سرکاری سطح پر فیول موٹر سائیکل خریدنے پر پابندی لگائی جارہی ہے، اب الیکٹرک بائیک ہی خریدی جائیں گی۔
میڈیا سے گفتگو میں محسن نقوی نے کہا کہ کسی کے روزگار کو متاثر نہیں کرنا چاہتے، سموگ کے خاتمے کیلئے تاجر برادری تعاون کرے۔ پنجاب بھر میں 30 دن چنگ چی رکشے کی مفت رجسٹریشن کی جائے گی، سپیشل کاؤنٹر قائم ہوں گے، ایک ماہ کے بعد غیر رجسٹرڈ شدہ چنگ چی رکشے کو سڑکوں پر نہیں آنے دیاجائے گا۔
نگران وزیر اعلیٰ محکمہ ماحولیات نے 3495 انڈسٹری یونٹ سیل، 2ہزار سے زائد ایف آئی آر درج اور 22 کروڑ روپے جرمانہ کیا۔پولیس نے اب تک 4 لاکھ 19ہزار چالان کئے اور دھواں چھوڑنے والی 80 ہزار گاڑیاں بند کیں۔دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کیخلاف پولیس کا کریک ڈاؤن جاری ہے۔
محسن نقوی نے کہا کہ ائیر آئیونائزر لگانے سے ہوا میں ماحولیات آلودگی کم اور معیار بہتر ہوگا۔ بینکوں کے ساتھ ملکر کسانوں کے لئے جدید مشینری خریدیں گے۔ کسانوں کو فصلوں کی باقیات تلف کرنے کے لئے جدید مشینری دیں گے تاکہ آئندہ سالو ں میں ہم ماحولیاتی آلودگی سے محفوظ رہ سکیں ۔
انہوں نے کہا کہ محکمہ پولیس اور ٹرانسپورٹ کو غیر معیاری پٹرول فروخت کرنے والے پمپس کے خلاف کریک ڈاؤن کا حکم دے دیا ہے۔ سموگ میں کمی کے لئے پنجاب حکومت کی ایک اور خصوصی ٹیکنیکل ٹیم بدھ کو الماتا روانہ ہوگی۔چینی قونصل جنرل کے تعاون سے چینی ماہرین کی مشاورت سے سموگ پر قابو پانے کیلئے ریسرچ اور ٹیکنالوجی استعمال میں لائیں گے ۔ بیجنگ میں سموگ کا خاتمہ کرنے والی چینی ماہرین کی ٹیم کو مشاورت کیلئے لاہور آنے کی دعوت دی ہے۔