لاہور: پنجاب میں ڈینگی کے مریضوں کی تعداد میں اضافہ جاری ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران صوبے بھر میں 220نئے مریضوں میں ڈینگی کی تصدیق ہوئی ہے ۔
سیکرٹری پرائمری و سیکنڈری ہیلتھ کیئر پنجاب علی جان خان کے مطابق رواں سال صوبہ بھر میں ڈینگی کے 12 ہزار 488تصدیق شدہ مریض رپورٹ ہوئے ہیں۔
سیکرٹری پرائمری و سیکنڈری ہیلتھ کیئر پنجاب کی جانب سے دیئے گئے اعدادو شمار کے مطابق لاہور میں گزشتہ روز 106نئے مریض رپورٹ ہوئے جبکہ رواں سال لاہور میں ڈینگی کے 5 ہزار 518تصدیق شدہ مریض رپورٹ ہوئے۔
علی محمد جان نے بتایا کہ لاہور کے ہسپتالوں میں ڈینگی کے 98سے زائد مریض زیر علاج ہیں جبکہ پنجاب کے مختلف ہسپتالوں میں ڈینگی کے تقریباً163مریض زیر علاج ہیں۔کئی مریض چھوٹے نجی ہسپتالوں میں بھی زیر علاج ہیں۔
ہسپتالوں میں آنے والے مریضوں کا کہنا ہے کہ ڈینگی کے مسلسل اضافے کے باوجود ہسپتالوں میں ڈینگی کے علاج کے حوالے سے کوئی خاطر خواہ اقدامات نہ اٹھائے جا سکے، ڈینگی ٹیسٹوں کے حوالے سے بھی سہولیات نہ ہونے کے برابر ہیں۔