اسلام آباد: وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ عمران خان کہتے ہیں برطانیہ، متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کی عدالتوں میں جاؤں گا، آپ چاند پر بھی چلے جائیں۔ تحریک انصاف سے قطعی طور پر کوئی مذاکرات نہیں چل رہے۔
تفصیلات کے مطابق پارلیمینٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ تحفے لینے پر اعتراض نہیں مگر ان کو بازار میں بیچنا غلط ہے، توشہ خانہ کی سہولت بالکل ختم ہونی چاہیے، تحفے اس طرح بیچنے پر قدغن لگانے کی سفارش کی ہے۔
ایک سوال کے جواب میں وفاقی وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ اہم تعیناتی پر کوئی بات نہیں کروں گا، عمران خان کا بیانیہ اینٹی اسٹیبلشمنٹ نہیں بلکہ انہوں نے تو خود آرمی چیف کو تاحیات توسیع کی آفر کی اور ان کے ترلے اور منتیں کرتے رہے کہ آپ نیوٹرل نہ رہیں۔
عمران خان کی جان کو لاحق خطرات سے متعلق سوال پر وزیر دفاع نے کہا کہ سارے ڈرامے کر لیں، جتنی فلمیں چلانی ہیں چلا لیں، عمران خان نے ملک کی عزت، وقار کو تار تار کیا ہے، تحریک انصاف سے قطعی طور پر کوئی مذاکرات نہیں چل رہے۔
ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کو مشورہ ہے سوشل میڈیا پر شور مچانے کی بجائے عدالت جائیں، لانگ مارچ یہاں پہنچ کر حکومت کیلئے مسئلہ نہیں بنے گا جبکہ عسکری حکام کو ملنے والے توشہ خانے کے تحائف کا مجھے علم نہیں ہے۔
تحریک انصاف سے قطعی طور پر کوئی مذاکرات نہیں چل رہے: خواجہ آصف
09:11 PM, 17 Nov, 2022