واشنگٹن: روس کی جانب سے خلا میں سیٹلائٹ کو میزائل سے تباہ کرنے کے تجربے نے امریکا کے ہوش اڑا دیئے ہیں۔
امریکا نے روسی اقدام پر سخت ردِ عمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ روس نے بین الاقوامی مفادات کو خطرے میں ڈال دیا ہے۔ امریکا نے روس کے خلا میں اپنے سیٹلائٹ کو میزائل سے تباہ کرنے کے تجربے کی شدید مذمت کی اور پیر کے روز امریکا نے اینٹی سیٹلائٹ ٹیسٹ کو لاپرواہی اور خطرناک عمل قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ اس رویے کو برداشت نہیں کرے گا۔
یو ایس اسپیس کمانڈ کے مطابق تجربے کے باعث بین الاقوامی خلائی اسٹیشن پر موجود عملے کے ارکان کو حفاظت کے لیے خلائی جہاز میں گھسنا پڑ گیا تھا۔ امریکی محکمہ خارجہ نے کہا کہ اس تجربے سے سیٹلائٹ کے 15 سو سے زائد بڑے اور لاکھوں چھوٹے ٹکڑے خلا میں بکھر گئے ہیں، جو تمام ملکوں کے مفادات کے لیے خطرہ ہیں۔
امریکی عہدے داروں کا کہنا ہے کہ زمین سے کیے گئے اس میزائل حملے سے متعلق امریکا کو پیشگی اطلاعات نہیں دی گئی تھیں جس پر اتحادیوں سے مشاورت کے بعد جواب دیں گے۔
دوسری جانب ترجمان پینٹاگون نے کہا کہ روس جو صلاحیت حاصل کرنا چاہتا ہے اسے دیگر ممالک کی سلامتی کے لیے خطرے کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔