ایم پی اے ثانیہ عاشق کی مبینہ قابل اعتراض ویڈیو کا معاملہ، ٹیکسلا سے ملزم گرفتار

05:20 PM, 17 Nov, 2021

نیوویب ڈیسک

لاہور: مسلم لیگ (ن) کی رکن پنجاب اسمبلی ثانیہ عاشق کی مبینہ قابل اعتراض ویڈیو وائرل کرنے والے ملزم کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔

وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) کے مطابق سائبرکرائم ونگ نے ملزم کو ٹیکسلا سےگرفتارکیا۔ ایم پی اے ثانیہ عاشق نے ایف آئی اے سائبرکرائم ونگ لاہور کو تحریری شکایت کی تھی۔

ایف آئی اے کے مطابق شکایت میں بتایا گیا تھا کہ ملزم نے نازیبا ویڈیو کو ثانیہ عاشق سے منسوب کیا تھا جبکہ ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔ 

خیال رہے کہ گزشتہ ماہ دی جانے والی درخواست میں ثانیہ عاشق نے لکھا کہ ’مختلف جلسوں کی میری وڈیوز کو ٹک ٹاک پر گھٹیا گانوں اور فحش تبصروں کے ساتھ پوسٹ کیا جاتا رہا اور میرے نام سے سینکڑوں جعلی اکاؤنٹس بھی بنائے گئے۔ میرے والد کی زندگی کے آخری ایام کی تصاویر جو میں نے سوشل میڈیا پر پوسٹ کی تھیں، انہیں بھی ایڈیٹ کر کے ان کی فحش قسم کی تشریح کی گئی۔

انہوں نے لکھا کہ سوشل میڈیا پر میرے بارے میں ہتک آمیز مواد سے میری بحیثیت ایک فرد اور عوامی نمائندہ ساکھ کو شدید نقصان پہنچا ہے۔ اس سے مجھے، میرے خاندان اور دوستوں کو شدید صدمہ پہنچا ہے۔

ثانیہ عاشق نے اپنی درخواست میں دوبرس پرانی ایک تصویر کا حوالہ دیا تھا جس میں وہ اپنے والد کے ساتھ موجود ہیں جو اس وقت علیل تھے ۔ ان کے بقول اس تصویر کو سوشل میڈیا پر غلط معنی دے کر پھیلایا گیا۔

مزیدخبریں