والدنے نوازشریف سے ملاقات کی تھی، گلگت بلتستان کے سابق چیف جج کے بیٹے کا انکشاف

11:53 AM, 17 Nov, 2021

اسلام آباد: سپریم ایپلٹ کورٹ گلگت بلتستان کے سابق چیف جج رانا شمیم کے وکیل اور ان کے بیٹے احمد حسن رانا نے کہا ہے کہ والد مجھے جتنا بتائیں گے میں بیان کردوں گا۔

نجی ٹی وی سے گفتگو میں  ایڈووکیٹ احمد حسن کا کہنا تھاکہ کورٹ نے ابھی آبزرویشن دی ہے،آرڈرپاس نہیں کیا، والد مجھے جتنا بتائیں گے میں بیان کردوں گا۔

انہوں نے انکشاف کیا کہ ان کے والد کورونا سے پہلے لندن گئے تھے اور نوازشریف سے ملے تھے۔انہوں نے کہا کہ  والد کا نواز شریف سے براہ راست رابطہ بھی رہا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ نوازشریف کی گرفتاری کے وقت میں اسسٹنٹ ایڈووکیٹ جنرل پنجاب تھا اور جیل جا کر نواز شریف سے ملا بھی تھا۔ والد کے حوالے سے احمد حسن رانا کا کہنا تھاکہ والداپنی مرضی سے بات کرتے ہیں۔

خیال رہے کہ گلگت بلتستان کی سپریم ایپلٹ کورٹ کے سابق چیف جسٹس رانا ایم شمیم نے اپنے مصدقہ حلف نامے میں کہا ہے کہ وہ اس واقعہ کے گواہ تھے جب اُس وقت کے چیف جسٹس پاکستان ثاقب نثار نے ہائی کورٹ کے ایک جج کو حکم دیا تھا کہ 2018 کے عام انتخابات سے قبل نواز شریف اور مریم نواز کو ضمانت پر رہا نہ کیا جائے۔

مزیدخبریں