کراچی کنگز پی ایس ایل سیزن فائیو کی چیمپئن

Pakistan Super League final: Karachi Kings won PSL Season Five
کیپشن: تصویر بشکریہ کراچی کنگز ٹوئٹر

کراچی: پاکستان سپر لیگ کا فائنل کراچی کنگز نے اپنے نام کر لیا۔ کراچی کنگز نے 135 رنز کاہدف انیسویں اوور میں 5 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔ 

لاہور قلندرز کی اننگز:

میچ کی پہلی اننگز میں لاہور قلندرز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 135 رنز بنائے۔ لاہور قلندرز کی جانب سے تمیم اقبال نے 35 رنز بنائے۔ فخر زمان 27 رنز بنا کر عمید آصف کا نشانہ بنے۔ حفیظ کو عماد وسیم نے 2 رنز پر چلتا کیا۔ چوتھے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی سمت پٹیل تھے جنہوں نے 5 رنز بنائے اور ارشد اقبال کا شکار ہوئے۔ پانچواں جھٹکا لاہور قلندرز کو بین ڈنک کی صورت میں میچ کے 16 ویں اوور میں لگا جب وہ ارشد اقبال کو چھکا مارنے کی کوشش میں کیچ پکڑوا بیٹھے۔ 

لاہور قلندرز کے کپتان سہیل اختر 14 رنز بنا کر وقاص مقصود کا شکار ہوئے۔ اگلے آنے والے بلے باز محمد فیضان کو وقاص مقصود نے پہلی گیند پر چلتا کیا۔پچھلے میچ کے ہیرو  ڈیوڈ ویزے 14 رنز بنا پائے جبکہ شاہین شاہ آفریدی نے آخری اوور میں آ کر محمد عامر کو ایک چھکا اور چوکا لگا کر ہدف 135 تک پہنچایا۔ 

کراچی کنگز کی بولنگ: 

کراچی کنگز کی جانب سے تما م بولرز نے عمردہ بولنگ کا مظاہرہ کیا۔ صرف محمد عامر کو اپنے کوٹے کے 4 اوورز میں 38 رنز لگے اور ان کے ہاتھ کوئی وکٹ بھی نہ آئی۔ کراچی کنگز کی جانب سے سب سے کامیاب بولر کپتان عماد وسیم رہے جنہوں نے 2 اوورز میں صرف 6 رنز دیے اور محمد حفیظ کی اہم ترین وکٹ حاصل کی۔ وقاص مقصود اور عمید آصف نے 4اوورز میں صرف 18 ، 18 رنز دیے اور 2 ، 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ ارشد اقابل نے بھی بہترین بولنگ کا مظاہرہ کیا اور اپنے کوٹے کے 4 اوورز میں 28 رنز دیکر 2 وکٹیں حاصل کیں۔ 

 کراچی کنگز کی بیٹنگ: 

کراچی کنگز نے 135 رنز کا ہدف بابر اعظم کی شاندار بیٹنگ کی بدولت بآسانی  حاصل کر لیا۔ بابر اعظم اور شرجیل خان نے کراچی کنگز کی جانب سے اننگز کا آغاز کیا۔ شرجیل خان 13 رنز بنا کر سمت پٹیل کا نشانہ بن گئے۔کراچی کے دوسرے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی الیکش ہیلز تھے جو دلبر حسین کا شکار ہوئے ، الیکس ہیلز نے 11 رنز کی اننگز کھیلی۔  لیکن اس کے بعد بابر اعظم اور چیڈوک والٹن کے درمیان شاندار پارٹنر شپ نے میچ لاہور کے ہاتھوں سے کھینچ لیا۔ دونوں بلے بازوں کےدرمیان 61  رنز کی شراکت داری قائم ہوئی۔ 22 رنز پر اور 110 رنز کے مجموعے پر والٹن بھی بابر اعظم کا ساتھ چھوڑ گئے لیکن بابر اعظم نے ثابت قدمی جاری رکھی۔ کراچی کی چوتھی وکٹ افتخار احمد کی صورت میں گری جنہوں نے 4 رنز بنائے ، اگلی ہی گیند پر حارث روؤف نے روتھر فورڈ کو چلتا کیا ۔ جب کپتان عماد وسیم وکٹ پر بیٹنگ کیلئے تو کراچی کنگز کو جیت کیلئے صرف 11 رنز درکار تھے۔ بابر اعظم نے 63 رنز کی اننگز کھیلی جس میں 7 دلکش چوکے شامل تھے۔ دلچسپ امر یہ ہے کہ دوسری اننگز میں ایک بھی چھکا نہیں لگا۔ 

خیال رہے کہ کراچی کنگز نے پہلی بار پی ایس ایل کا ٹائٹل اپنے نام کیے اور دونوں ٹیمیں پہلی بار پی ایس ایل کے فائنل میں پہنچنے میں کامیاب ہوئیں۔ 

لاہور قلندرز کی بولنگ: 

لاہور قلندر کی جانب سے حارث روؤف اور دلبر حسین نے  2، 2 وکٹیں حاصل کیں۔ جبکہ سمت پٹیل کے حصے میں ایک وکٹ آئی۔ اس کے علاوہ کوئی بھی قلندری بولر وکٹ حاصل کرنے میں ناکام رہا ۔ 

پاکستان سپر لیگ میں کراچی کنگز اور لاہور قلندرز کے درمیان میچز شائقین کی بھرپور توجہ کا مرکز رہے۔ ٹاس کے وقت عماد وسیم نے کہا کہ تھا کہ جیت کیلئے پر امید ہیں۔ انہوں نے کہا تھا کہ محمد عامر اور بابر اعظم کراچی کنگز کے اہم ہتھیار ہوں گے۔