گلوکارہ رونا لیلیٰ 69 برس کی ہوگئیں

05:59 PM, 17 Nov, 2020

 لاہور ،معروف گلوکارہ رونا لیلیٰ  69 برس کی ہوگئیں ۔ بنگلہ دیش سے تعلق رکھنے والی رونا لیلیٰ نے پاکستان فلم انڈسٹری کے لئے سینکڑوں گیت ریکارڈکرائے ۔ 

گلوکارہ رونا لیلیٰ 17 نومبر 1952 میں مشرقی پاکستان موجودہ بنگلہ دیش میں پیدا ہوئیں ۔ وہ بچپن سے ہی موسیقی کی طرف مائل تھیں انہوں نے  رقص کی تربیت بھی حاصل کی لیکن بعدازاں انہوں نے بطور گلوکار ہ کیرئیر میں کامیابیاں حاصل کیں ۔ 

سال 1965 میں بننے والی پاکستانی فلم جگنو میں پہلی باررونالیلیٰ سے گیت گوایا گیا جس کو ہر سننے والے نے خوب سراہا ۔ 

1966 میں ان کے گیت "ان کی نظروں سے محبت کا جو پیغام ملا"نے ان کو صف اول کی گلوکاراؤں کی صف میں لاکھڑا کیا ۔ 

گلوکارہ رونا لیلیٰ کے پانچ دہائیوں پر مشتمل کیرئیر میں انہوں نے سینکڑوں گیت ریکارڈکرائے ۔ ان کے ہٹ گیتوں میں میرا بابو چھیل چھبیلا میں تو ناچوں گی ،یہ ادا یہ ناز یہ انداز آپ کا ،دل دھڑکے میں تم سے یہ کیسے کہوں ،کاٹے نہ کٹے رے رتیاں اور دیگر شامل ہیں ۔ رونا لیلیٰ نے 

 بنگالی ، اردو ، پنجابی ، سندھی اور عربی سمیت 17 زبانوں میں گیت ریکارڈ کرائے ۔

رونا لیلیٰ نے اپنے کیرئیر میں متعدد پلے بیک سنگرز کے ساتھ دوگانے ریکارڈ کرائے لیکن احمد رشدی اور ان کی آواز میں گائے گیت عوام میں بے حد مقبول ہوئے ۔ 

رونا لیلٰی کا نام  تین روز میں تیس گیت ریکارڈ کرانے  پر گینز بک آف ورلڈریکارڈ میں درج کیا گیا ۔رونا لیلیٰ ان دنوں بنگلہ دیش میں مقیم ہیںٰ ۔پاکستانی فلموں میں رونا لیلیٰ کو ملکہ ترنم نورجہاں کا مقابل سمجھا جاتا تھا اور فلم پروڈیوسر زکی کوشش ہوتی تھی کہ اگرفلم میں ملکہ ترنم نورجہاں کی آواز میں گیت ریکارڈکرائے جارہے ہیں تو رونا لیلی سے بھی گیت گوائے جائیں ۔ 

مزیدخبریں