وزیراعظم عمران خان نے کورونا ویکسین کی ایڈوانس بکنگ کرانے کی منظوری دیدی

The Prime Minister approved advance booking of Corona vaccine
کیپشن: فائل فوٹو

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے عالمی وبائی مرض کورونا وائرس کے سدباب کیلئے بنائی گئی ویکسین کی ایڈوانس بکنگ کرانے کی منظوری دیدی ہے۔

وزارت قومی صحت کی پارلیمانی سیکرٹری ڈاکٹر نوشین حامد نے نیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ایڈوانس بکنگ کیلئے دو ویکسین ساز اداروں سے رابطے ہو چکے ہیں، امید ہے پاکستان کورونا ویکسین کی ایڈوانس بکنگ میں کامیاب ہوگا۔

ڈاکٹر نوشین حامد کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کو گزشتہ ماہ 1 کروڑ کورونا ویکسین کی ایڈوانس بکنگ کی تجویز دی گئی تھی۔ ویکسین بکنگ کیلئے 100 ملین ڈالر مختص پہلے فیز میں ہیلتھ ورکرز اور ضعیف شہریوں کیلئے ویکسین بکنگ کی تجویز دی گئی تھی۔

خیال رہے کہ امریکا، جرمنی، روس اور چین کی ادویہ ساز کمپنیوں نے ایسی ویکسین تیار کر لی ہیں جنھیں کورونا وائرس میں مبتلا مریضوں کے علاج کیلئے نوے فیصد تک کارآمد قرار دیا جا رہا ہے۔

تاہم معروف پاکستانی سائنسدان ڈاکٹر عطا الرحمان کا کہنا ہے کہ امریکی کمپنی فائزر کی جانب سے بنائی گئی کورونا ویکیسن جو منفی 70 سینٹی گریڈ پر رکھنے سے کارآمد رہتی ہے ہمارے ملک کیلئے ٹھیک نہیں ہے، پاکستان کیلئے دوست ملک چین میں بنائی گئی دوا پائیدار اور موزوں رہے گی، اس کو پاکستان میں آزمایا جا رہا ہے۔

دوسری طرف ایک اندازے کے مطابق پاکستان سمیت دنیا بھر میں عالمی وبا میں مبتلا افراد کے کیسز میں روز بروز اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔ پاکستان میں آئے روز کورونا کے کیسز رپورٹ ہو رہے ہیں جبکہ اموات کی تعداد میں بھی اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔

حالیہ رپورٹ کے مطابق دنیا بھر میں اب تک پانچ کروڑ پچاس لاکھ سے زائد افراد کورونا وائرس میں مبتلا ہو چکے ہیں۔ پاکستان کے ہمسایہ ملک ہندوستان کی حالت انتہائی تشویشناک ہے جہاں وبائی مرض پر قابو پانے کیلئے کوئی اقدام نہیں کئے جا رہے۔