اسلام آباد: دنیا بھر کی طرح پاکستان میں بڑھتی آبادی اور سرسبز رقبے کو بچانے کی خاطر اور دیگر عوامل کو دیکھتے ہوئے شہروں میں اب اونچی عمارتوں کی تعمیر کی اجازت دیدی گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق ایسوسی ایشن آف بلڈرز اینڈ ڈیویپلرز ( آباد) کو ملک کے پانچ بڑے شہروں میں بلندو بالا عمارتوں کی تعمیرات کرنے کی اجازت مل گئی ہے ۔
چئیر مین کمیٹی برائے ہائی رائزنگ بلڈنگ حسن بخشی نے کہا کہ کراچی سمیت ملک کے پانچ بڑے شہروں میں تین سو فٹ اونچی عمارتیں تعمیر کرنے کی اجازت مل گئی ہے ۔ حسن بخشی کا کہناتھاکہ ڈیویلپرز کے وفد نے اونچی عمارتوں کی تعمیر کے معاملے کے بارے میں وزیراعظم عمران خان سے ملاقات میں اٹھایا تھا۔
وزیراعظم نے ہمیں یقین دہانی کرائی تھی کہ تین سو فٹ سے اونچی عمارتیں بنانے کی اجازت دیدی جائیگی۔ وزیراعظم نے اس حوالے سے اب اجازت دیدی ہے ۔ اور سمری کابینہ کے اجلاس میں منظوری کے لیے بھیج دی ہے ۔ منظوری کے بعد ہائی اسٹینڈرڈ ملٹی اسٹوریز عمارتیں لاہور، کراچی ، فیصل آباد ، ملتان پشاور میں بنائی جاسکیں گی ۔
انہوں نے کہا کہ بلند عمارتوں کی تعمیر سے متعلق اب سول ایوی ایشن اور پاکستان ائیر فورس سے اجازت لینے کی ضرورت نہیں ہوگی ۔ اب دونوں ہی اداروں نے تحریری طور پر وزیراعظم کو آگاہ کردیا ہے ۔ ان عمارتوں کی تعمیر ان شہروں میں موجود ائیر پورٹس کی حدود سے کم از کم 6 کلومیٹر کی حدود سے باہر کی جائیگی ۔