بلوچستان میں تعلیمی اداروں کو یکم دسمبر سے موسم سرما کی  چھٹیاں دینے کا فیصلہ 

Decision to grant winter vacations to educational institutions in Balochistan from December 1
کیپشن: فائل فوٹو

کوئٹہ :  حکومت بلوچستان نے عالمی وبا  کے باعث  پورے صوبے میں موسم سرما کی تعطیلات جلد کرنے کا فیصلہ کرلیا  ہے۔  میڈیا رپورٹس  کے مطابق صوبائی وزیرتعلیم سردار یار محمد رند نے کہا ہے کہ صوبے میں موسم سرما کی چھٹیاں قبل از وقت دی جارہی ہیں ۔ تعلیمی اداروں میں یکم دسمبر سے چھٹیاں ہوں گی ، تین ماہ کی چھٹیوں کے بعد تعلیمی ادارے یکم مارچ کو کھلیں گے ۔ 

بلوچستان میں نیا تعلیمی سال مارچ سے شروع ہوگا۔ یاد رہے کہ پیر کے روز وفاقی وزیرتعلیم کی زیر صدارت وزرائے تعلیم  کانفرنس ہوئی جس میں تمام صوبائی وزرا نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی ، اجلاس میں تعلیمی اداروں کو بندکرنے اور موسم سرما کی تعطیلات کے حوالے سے بات چیت کی گئی ۔ 

وفاقی وزیرتعلیم  شفقت محمود نے کہا ہے کہ بچوں اور اساتذہ کی جان زیادہ عزیز ہے ۔ بچوں اور اساتذہ کی حفاظت ہماری اولین ترجیع ہے ۔ اجلاس میں تعلیمی اداروں میں بیس نومبر سے اکتیس جنوری تک موسم سرما کی تعطیلات دینے کی تجویز پیش کی گئی ۔ تعلیمی اداروں میں موسم سرمای کی تعطیلات کے معاملے پر کچھ شرکا نے حمایت کی اور کچھ مخالفت کردی ۔

واضح رہے  کہ گلگت بلتستان کی حکومت نے ریجن کے تعلیمی ادارے بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ بتایا گیا ہے کہ گلگت میں حالیہ انتخابات کے انعقاد کے بعد احتیاط کے طور پر تعلیمی ادرے کچھ روز کے لیے بند رکھے  جائیں گے ۔ ریجن کے تمام تعلیمی ادارے سترہ سے لیکر تئیس نومبر تک بند رہیں گے ۔