دنیا میں کورونا وائرس کی تباہی جاری، متاثرہ مریض پانچ کروڑ پچاس لاکھ سے تجاوز

Corona virus continues to wreak havoc in the world, with more than 55 million infected patients
کیپشن: فائل فوٹو

نیویارک: دنیا بھر میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 5 کروڑ 53 لاکھ 49 ہزار 529 تک جا پہنچی ہے۔ اعدادوشمار کے مطابق اموات کی تعداد 13 لاکھ 32 ہزار 328 جبکہ اس وقت 1 کروڑ 52 لاکھ 37 سو ایکٹو کیسز موجود ہیں۔

امریکا میں کورونا کیسز میں مسلسل اضافے پر جم اور میوزیم بند کر دیئے گئے ہیں۔ سویڈن میں وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد میں اضافے کے باعث سماجی تقاریب میں لوگوں کی تعداد کو 300 سے کم کرکے 8 کرنے کا اعلان کردیا گیا۔ ادھر سعودی حکومت نے سیاحتی ویزے پر غیر ملکیوں کی مملکت میں آمد پر پابندی عائد کر دی ہے۔

خیال رہے کہ دنیا میں کووڈ 19 کا پہلا کیسز 17 نومبر 2019ء کو منظر عام پر آیا تھا۔ یہ وبا چین کے شہر ووہان سے پھیلی، چین کی حکومت نے خطرے کا فوری ادارک کرتے ہوئے سماجی پابندیاں عائد کیں اور اس پر کچھ عرصے میں ہی قابو پانے میں کامیاب ہو گیا لیکن باقی ممالک کی عدم توجہی کی وجہ سے یہ مرض پوری دنیا میں پھیل گیا۔ رپورٹس کے مطابق 17 نومبر 2019ء سے 21 مئی 2019ء کے درمیانی عرصے تک اس وبا کے پچاس لاکھ سے زائد مریض ہو چکے تھے جبکہ جون 2019ء تک ان کی تعداد 1 کروڑ تک جا پہنچی تھی۔ اس کے بعد اگست 2019ء میں تعداد بڑھتے بڑھتے دو کروڑ تک جا پہنچی، ستمبر 2020ء میں دنیا بھر میں کورونا کے 3 کروڑ سے زائد مریض رپورٹ ہوئے تھے جو اب پانچ کروڑ سے بھی تجاوز کر چکے ہیں۔

ڈبلیو ایچ او کے اعدادوشمار کے مطابق سپین میں 15 لاکھ 21 ہزار سے زائد، ارجنٹائن میں 13 لاکھ 18 ہزار، فرانس میں 19 لاکھ 91 ہزار سے زائد، روس میں 19 لاکھ 48 ہزار سے زائد، برازیل میں 58 لاکھ 76 ہزار سے زائد، بھارت 88 لاکھ 74 ہزار سے زائد اور امریکا میں ایک کروڑ 15 لاکھ 38 ہزار سے زائد افراد اس وبا سے متاثر ہو چکے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق یورپی ملک سپین میں کورونا وائرس سے 41 ہزار 253 اموات ہو چکی ہیں۔ دیگر ممالک کی بات کی جائے تو فرانس میں 45 ہزار، روس میں 33 ہزار سے زائد، لاطینی امریکا کے ملک برازیل میں ایک لاکھ 66 ہزار سے زائد افراد موت کی وادی میں جا چکے ہیں۔ انڈیا کی بات کی جائے تو اس کا شمار کورونا سے متاثر ہونے ممالک میں  دوسرے نمبر پر ہے۔ ایک اندازے کے مطابق وہاں ایک لاکھ 30 ہزار سے زائد شہری مودی کی غلط پالیسیوں کی بھینٹ چڑھ کر مر چکے ہیں۔ امریکا کی بات کی جائے تو وہاں اب تک 2 لاکھ 52 ہزار سے زائد شہریوں کا اس موذی مرض کے ہاتھوں انتقال ہو چکا ہے۔