کراچی: پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل فائیو) کے فائنل میں پہنچنے والی ٹیم کراچی کنگز کے کپتان عماد وسیم نے کہا ہے انھیں امید ہے کہ ہم ٹورنامنٹ کا ٹائٹل اپنے نام کریں گے۔
عماد وسیم نے کہا کہ ابھی تک فائنل کھیلنے والے کھلاڑیوں کا فیصلہ نہیں ہوا، پریکٹس کے بعد دیکھیں کہ کسے کھلانا ہے۔ ہماری ٹیم کو بابر اعظم اور محمد عامر سے بہت سی امیدیں وابستہ ہیں لیکن دیگر کھلاڑیوں کی کارکردگی کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔ کوئی بھی کھلاڑی میچ جتوانے میں اپنا کردار ادا کر سکتا ہے۔
فائنل میں مدمقابل ٹیم لاہور قلندرز کے بارے میں تعریف کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ہم مخالف ٹیم کے کسی کھلاڑی کو آسان نہیں لیں گے، ان کا ہر کھلاڑی باصلاحیت اور خطرناک ہے۔ ہمیں ہر پلیئر کیخلاف مختلف گیم پلان ترتیب دینا ہوگا۔
کوالیفائر میچ میں ملتان سلطانز کیساتھ غلطیوں بارے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ہماری کوشش ہوگی کہ انھیں دوبارہ نہ دہرایا جائے۔ انہوں نے تسلیم کیا کہ سلطانز کیخلاف ہمارے میچ کا فیصلہ سپر اوور میں نہیں ہونا چاہیے تھا۔
عماد وسیم کا کہنا تھا کہ ہار اور جیت کھیل کا حصہ ہیں، ہم کرکٹ شائقین کو بہترین کھیل پیش کرکے محظوظ کرنے کی کوشش کریں گے، امید کرتے ہیں کہ پاکستانی اس سے لطف اندوز ہونگے۔
خیال رہے کہ پاکستان سپر لیگ فائیو کا فائنل میچ آج لاہور قلندرز اور کراچی کنگز کے درمیان ہوگا۔ فلڈ لائٹس میں کھیلے جانے والے اس میچ سے قبل ہی شائقین کرکٹ کا جوش دیدنی ہے، دونوں ٹیموں کے مداح بے چینی سے مقابلے کا انتظار کر رہے ہیں۔
دوسری جانب لاہور قلندرز کے کپتان سہیل اختر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ ہماری محنت کا نتیجہ ہے کہ آج ہماری ٹیم پی ایس ایل فائیو کا فائنل کھیل رہی ہے، ہم آج بھرپور کھیل پیش کرنے کی کوشش کریں گے۔ فائنل میں کون کھلاڑی کھیلے گا، اس کا فیصلہ ہونا ابھی باقی ہے۔