ممبئی :پاکستان کا دورہ کرنے والے نوجوت سنگھ سدھو نے بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کو کرارا جواب دیتے ہوئے کہا کہ مودی کو اس بات کی جلن ہے کہ پاکستانی وزیر اعظم عمران خان نے اپنی تقریب حلف برداری میں انہیں مدعو کیا ۔
اس سے قبل بھارتی جنتا پارٹی (بی جے پی) دہلی یونٹ کے صدر منوج تیواری نے حزب اختلاف کی جماعت کانگریس سے کہا تھا کہ وہ پارٹی رہنماﺅں راج ببر اور نوجوت سنگھ سدھو کے حالیہ بیانات کی وضاحت کرے،سدھ کا کہنا ہے کہ پاکستان میں گرو نانک کانام لینے والے12 کروڑ لوگوں کی بات کی گئی،میرے گرو کے در کی بات ہوئی، جس راستے سے ہمیں سوسال محروم رکھا گیا۔
سدھو نے مودی سے سوال کیا کہ میری جھپی آپ کو اس لئے بری لگی کہ کرتار پور کا راستہ کھولنے کی بات کی گئی؟سابق کرکٹر نے کہا کہ جب میں پاکستان کے مقابلے میں کھیلتا اور چھکے پے چھکے لگاتا تو تم ربر کے گڈے کی طرح تالیاں بجاتے تھے، جب میں آپ کے ساتھ تھا توبہت اچھا تھا،محبّ وطن تھا؟
رواں سال اگست میں نوجوت سنگھ سدھو نے وزیراعظم عمران خان کی تقریب حلف برداری میں شرکت کے لئے اسلام آباد کا دورہ کیا تھا، تقریب میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے گلے ملنے پر سدھو پر بھارت بھر میں تنقید کی گئی تھی، بی جے پی نے الزام لگایا تھا کہ سدھو ”پاکستانی ایجنٹ“ جیسا برتاﺅ کررہے ہیں جبکہ یونین منسٹر ہرسمرت کو بادل نے کا کہنا تھا کہ سدھو کرتارپور گردوارا راہداری پر عوام سے جھوٹ بول رہے ہیں۔