حدیدہ: یمن کی بندرگاہ پر کنٹرول حاصل کرنے کے لیے اتحادی افواج نے باغیوں کے ٹھکانوں پر فضائی حملہ کیا جس کے نتیجے میں 10 افراد ہلاک ہوگئے۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق یمن کے تجارتی شہر حدیدہ میں حوثی باغیوں کے زیر تسلط علاقے میں بڑی جنگ جاری ہے۔ اتحادی فوج قبضہ حاصل کرنے کے لیے باغیوں کے ٹھکانوں پر تابڑ توڑ حملے کر رہی ہے جب کہ حوثی باغیوں کی جانب سے بھی شدید مزاحمت کا سامنا ہے۔
اتحادی فوج نے ایک جھڑپ میں باغیوں کے ٹھکانوں پر فضائی حملہ کیا جس کے نتیجے میں 10 افراد ہلاک ہوگئے اس طرح محض ایک ہفتے کے دوران ہلاک ہونے والوں کی تعداد 50 کے قریب پہنچ گئی ہے جب کہ ہزاروں شہری نقل مکانی پر مجبور ہوگئے۔ تازہ جھڑپ اتحادی افواج کی جانب سے رواں ہفتے عارضی جنگ بندی کے اعلان کے بعد ہوئی ہے۔
واضح رہے کہ یمن کی بندرگاہ حدیدہ پر قبضے کے لیے حوثی باغیوں اور اتحادی افواج کے درمیان ایک ماہ سے جنگ جاری ہے، تاہم رواں ہفتے یمن کی جانب سے جنگ بندی کا اعلان کیا گیا تھا۔