مصری خاتون کا خاشقجی سے خفیہ شادی کا انکشاف

مصری خاتون کا خاشقجی سے خفیہ شادی کا انکشاف
کیپشن: یہ سب انکشافات انہوں نے اپنا اصل نام مخفی رکھنے کی شرط پر کئے، مصری خاتون۔۔۔۔۔۔فائل فوٹو

نیو یارک: ایک مصری خاتون نے انکشاف کیا ہے کہ انہوں نے ترکی میں سعودی سفارتخانے میں قتل ہونے والے سعودی صحافی جمال خاشقجی سے چند ماہ قبل امریکا میں ایک مذہبی تقریب میں شادی کی تھی۔

خاشقجی کا قتل ویسے ہی ایک معمّا بنا ہوا تھا اب ان کی خفیہ بیوی کے انکشاف نے کئی سوالات کھڑے کر دیئے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق ایک انٹرویو میں ایک نا معلوم مصری خاتون نے خاشقجی کی اہلیہ ہونے کا دعویٰ کرتے ہوئے کہا کہ وہ خاشقجی کے ساتھ اپنے تعلقات کو ظاہر کرنے کے لئے آگے آنے والی تھیں۔ ان کا کہنا تھا کہ میں چاہتی تھیں کہ ایک مسلمان بیوی ہونے کے ناطے سے مجھے پورا حق اور اپنی صحیح شناخت ملے۔

یہ سب انکشافات انہوں نے اپنا اصل نام مخفی رکھنے کی شرط پر کئے۔ ان کا کہنا تھا کہ سیکیورٹی اور ملازمت کی وجہ سے وہ اپنا نام ظاہر نہیں کر سکتیں۔

انہوں نے امریکی اخبار واشنگٹن پوسٹ کو رواں سال جون میں ہونے والی خاشقجی سے اپنی شادی کی تصویریں بھی شیئر کیں تاہم سعودی صحافی کے خاندان نے ان کی خفیہ شادی پر کسی بھی قسم کی کوئی بات کرنے سے گریز کیا ہے۔

دوسری جانب خاشقجی کی ترک منگیتر نے ٹیلیفونک انٹرویو میں بتایا کہ وہ خاشقجی کے ان خاتون سے تعلقات کے بارے میں کچھ نہیں جانتیں۔

انہوں نے کہا کہ جمال نے کبھی بھی مجھ سے اس خاتون کے بارے میں ذکر نہیں کیا تھا آخر یہ خاتون دنیا کے سامنے جمال کی شخصیت کیوں خراب کرنا چاہتی ہے۔ وہ کیا چاہتی ہے اور مجھے شک ہے کہ یہ خاشقجی کو بدنام کرنے کی کوشش ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اگر وہ پہلے ہی خاشقجی کی قانونی بیوی ہونے کے بارے میں بتانا چاہتی تھیں تو اب بھی سامنے آکر ثابت کر دیں۔ اس طرح وہ خاشقجی کے مرنے کے بعد سعودی حکومت کی جانب سے ان کے خاندان کو ملنے والی رقم میں سے حصہ مانگنے کا حق بھی رکھ سکتی ہیں جبکہ ابھی ان کی شادی کی قانونی حیثیت واضح نہیں۔

یاد رہے سعودی صحافی جمال خاشقجی کو گذشتہ ماہ ترکی کے شہر استنبول میں واقع سعودی سفارت خانے میں قتل کر دیا گیا تھا اور سعودی حکومت کا کہنا تھا کہ اس میں سعودی ولی عہد محمد بن سلمان ملوث نہیں ہیں۔ خاشقجی سعودی حکمرانوں کے بڑے ناقدین میں سے ایک تھے۔