اسلام آباد : ایس پی طاہر داوڑ کے اغوا اور قتل کی تحقیقات کے لیے سات رکنی جے آئی ٹی تشکیل دے دی گئی، ایس پی انویسٹی گیشن سربراہ ہوں گے۔
تفصیلات کے مطابق افغانستان میں شہید ہونے والے ایس پی طاہر داوڑ کے اغوا اور قتل کی تحقیقات کے لیے سات رکنی جے آئی تشکیل دے دی گئی ہے، ایس پی انویسٹی گیشن سربراہ ہوں گے، جے آئی ٹی میں آئی ایس آئی، آئی بی اور ایم آئی کے نمائندے شامل ہیں، چیف کمشنر اسلام آباد نے نوٹیفکیشن جاری کردیا۔
دوسری جانب خیبرپختونخوا حکومت نے شہید ایس پی طاہر داوڑ کے لواحقین کے لیے ڈیڑھ کروڑ روپے شہید پیکیج کا اعلان کیا ہے ، صوبائی وزیر اطلاعات شوکت یوسف زئی نے کہا کہ ایس پی طاہر داوڑ بی پی ایس 17 میں خدمات سر انجام دے رہے تھے، اس لیے کے پی حکومت نے ان کی بہترین خدمات اور شہادت پر پیکیج کا اعلان کیا جس میں مالی امداد اور پلاٹ بھی شامل ہے۔
علاوہ ازیں ایس پی طاہر داوڑ کی پی ٹی ایم مظاہرین کو سمجھانے کی ویڈیو وائرل ہوئی ہے جس میں طاہر داوڑ نے کہا کہ پاکستان میں دہشت گردی کے پیچھے افغانستان، بھارت اور دوسرے ملک ہیں، ان کا کہنا تھا کہ پولیس اور مجھے دھمکیاں مل رہی ہیں۔