اسلام آباد: عدالتی حکم کے باوجود وفاقی دارالحکومت میں مذہبی جماعتوں کا دھرنا دوسرے روز بھی جاری ہے۔ گزشتہ روز اسلام آباد ہائیکورٹ کی جانب سے مذہبی جماعتوں کو فیض آباد انٹر چینج پر جاری دھرنا ختم کرنے کا حکم دیا تھا تاہم عدالتی حکم کے باوجود مذہبی جماعتوں کا دھرنا جاری ہے۔
فیض آباد انٹرچینج اور اطراف کی سڑکیں آج بھی ٹریفک کیلئے بند ہیں جس کے باعث شہریوں، سرکاری ملازمین، طلبہ و طالبات کو شدید سفری مشکلات کا سامنا ہے جب کہ فیض آباد اور اطراف کے علاقے میں انٹر نیٹ سروسز بھی معطل ہے۔
جڑواں شہروں کو ملانے والے متبادل راستوں پرٹریفک کا شدید رش ہے۔ ٹریفک پولیس ٹریفک کورواں دواں رکھنے میں ناکام نظر آ رہی ہے۔ دھرنا دینے والے افراد کے رہنماؤں کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ مطالبات کی منظوری تک دھرنا ختم نہیں کریں گے۔
واضح رہے کہ مذہبی جماعتوں نے فیض آباد انٹرچینج پر گزشتہ 12 روز سے دھرنا دے رکھا ہے، دھرنے کے شرکا ختم نبوت سے متعلق آئینی شقوں میں ردو بدل کرنے والوں کے خلاف کارروائی اور وزیر قانون زاہد حامد کے استعفیٰ کا مطالبہ کر رہے ہیں۔
نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں