لاہور: نئے مالی سال 2016-17 کے ابتدائی چار ماہ جولائی تا اکتوبر 2016 کے دوران برآمدات میں کمی اور درآمدات میں اضافے کے نتیجے میں تجارتی خسارہ 9.31 ارب ڈالر تک پہنچ گیا۔
ادارہ برائے شماریات کے جاری کردہ اعدادو شمار کے مطابق نئے مالی سال 2016-17 کے ابتدائی چار ماہ جولائی تا اکتوبر 2016ٞ کے دوران 6 ارب 43کروڑ 20لاکھ ڈالر کی برآمدات کی گئیں جو گزشتہ مالی سا ل 2015-16 کے چار ماہ جولائی تا اکتوبر 2015ٞ کی 6 ارب 86کروڑ 50لاکھ ڈالر کی برآمدات کے مقابلے میں 43 کروڑ 30لاکھ ڈالر کم رہیں۔
اس طرح گزشتہ سال کے مقابلے میں برآمدات میں 6.31 فیصد کمی ہوئی۔ دوسری جانب ملکی درآمدات پہلے چار ماہ کے دوران 15 ارب 75کروڑ 10 لاکھ ڈالر رہیں ، جو گذشتہ سال کے چار ماہ جولائی تا اکتوبر 2015 ٞ کی 14 ارب 50 کروڑ 40لاکھ ڈالر کی درآمدات کے مقابلے میں ایک ارب 24کروڑ 70 لاکھ ڈالر زائد رہیں۔ اس طرح درآمدات میں 8.6 فیصداضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
اعداد و شما ر کے مطابق گزشتہ مالی سال 2015-16 کے چار ماہ جولائی تا اکتوبر 2015 کے دوران تجارتی خسارہ 7 ارب 63کروڑ 90لاکھ ڈالر تھا ، جو رواں سال کے چار ماہ جولائی تا اکتوبر 2016 کے 9 ارب 31کروڑ 90 لاکھ ڈالر کے تجارتی خسارے کے مقابلے میں ایک ارب68 کروڑ ڈالر زائد رہا۔ اس طرح تجارتی خسارے میں 21.99 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔