اسلام آباد: وفاقی وزیر ریلوے سعد رفیق نے کہا ہے کہ پاکستان کے سب سے بڑے جھوٹے کا نام عمران خان ہے۔ کشمیر کے معاملے پر بھی عمران خان نے سیاست کی۔ جلن اور جھوٹ کا شکار مخالفین کو جلد شکست ہوگی۔
پاناما لیکس کیس کی سماعت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے وفاقی وزیر ریلوے نے کہا کہ عمران خان کی ذمہ داری تھی کہ آج پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں شرکت کرتے اور اتحاد کا پیغام دیتے۔ وہ اجلاس کا بائیکاٹ کرکے کس کو فائدہ پہنچا رہے ہیں۔جوائنٹ سیشن سے ملک مضبوط ہوتا ہے۔
سعد رفیق نے کہا کہ کشمیر کے معاملے پر بھی عمران خان نے سیاست کی۔ انہوں نے کہا کہ اللہ کی مہربانی ہے عمران خان کے وکیل نے وزیر اعظم اور حکومت کے موقف کو پیش کیا۔ سیاست عمران خان کے بس کی بات نہیں انہیں کرکٹ کی کوچنگ کرنی چاہیے۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ نواز شریف کی کسی تقریر میں تضاد نہیں۔ عدالتیں اپنا فیصلہ کریں گی۔ ہمیں انتظار کرنا چاہیے۔ یقین ہے کہ انشاءاللہ سرخرو ہو کر یہاں سے نکلیں گے۔ عدالت نے عمران خان کے وکلا کو متعلقہ گفتگو کرنے کا کہا۔