لندن : برطانوی نشریاتی ادارے کی عالمی سروس نے 11 نئی زبانوں میں اپنی نشریات شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔کارپوریشن کے مطابق یہ 1940 کے بعد پہلی مرتبہ ہے جب بی بی سی کی نشریات میں اتنے بڑے پیمانے پر توسیع کی گئی ہے۔بی بی سی کی عالمی سروس میں یہ توسیع اس مالی امداد کے طفیل ممکن ہوئی ہے جس کا اعلان حکومتِ برطانیہ نے گذشتہ سال کیا تھا۔
جن نئی زبانوں میں نشریات شروع کی جائیں گی ان میں بھارت میں بولی جانے والی چار زبانوں پنجابی، تیلگو، گجراتی اور مراٹھی کے علاوہ افان ارومو، امہارک، کورین، تگریانیا، اگبو، یوروبا اور پڈگن زبان شامل ہیں۔ان زبانوں میں سروسز کا آغاز 2017 سے متوقع ہے۔اس موقع پر بی بی سی کے ڈائریکٹر ٹونی ہال کا کہنا ہے کہ 'یہ بی بی سی کے لیے تاریخی دن ہے کہ ہم 1940 کے بعد عالمی سروس کی سب سے بڑی توسیع کا اعلان کر رہے ہیں۔'
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ' بی بی سی کی عالمی نشریات خود بی بی سی اور برطانیہ کے لیے تاج میں جڑے نگینے کی مانند ہیں۔' ڈائریکٹر جنرل کا مزید کہنا تھا کہ 'ایسے وقت میں جب ہم اپنے ایک سو سال مکمل کرنے والے ہیں تو مجھے یقین ہے کہ بی بی سی ایک ایسے نشریاتی ادارے کے طور پر اپنا سفر کامیابی سے جاری رکھے گا جو باہر کی دنیا کی جانب متوجہ ہے۔'
بی بی سی کا 11 نئی زبانوں میں نشریات شروع کرنے کا اعلان
11:23 AM, 17 Nov, 2016