واشنگٹن: امریکی صدارتی انتخابات میں ڈونلڈ ٹرمپ سے شکست کھانے والی ہلیری کلنٹن نے کہا ہے کہ شکست کے بعد میں اتنی مایوس ہوگئی تھی کہ گھر سے باہر نہیں نکلنا چاہتی تھیں۔
امریکی صدارتی انتخاب میں شکست کے بعد پہلی عوامی تقریب میں شرکت کرتے ہوئے ہلیری کلنٹن نے ایک تقریر میں کہا ہے کہ ایک ہفتہ قبل ڈونلڈ ٹرمپ کی جیت کے بعد وہ سخت مایوس ہو گئی تھیں۔
انھوں نے بچوں کے ایک خیراتی ادارے کو بتایا کہ انتخابات نے بہت سے امریکیوں کو موقع دیا ہے کہ وہ اپنے گریبان میں جھانک کر دیکھیں۔مجھے اعتراف ہے کہ یہاں آنے کا فیصلہ آسان نہیں تھا۔
'پچھلے ہفتے میں ایسے لمحے آئے جب میں کوئی اچھی کتاب لے کر بستر پر لیٹے رہنا چاہتی تھی اور میرا کبھی بھی گھر سے باہر نکلنے کو جی نہیں چاہتا تھا۔ میں جانتی ہوں کہ آپ میں سے بہت سے لوگوں کو شدید مایوسی ہوئی ہے۔ میں بھی مایوس ہوں، اتنی کہ الفاظ بیان نہیں کر سکتے۔
'انتخاب سے خلیج گہری ہو گئی ہے لیکن میری بات غور سے سنیں۔ امریکہ کی خاطر، اپنے بچوں کی خاطر، اپنے ملک پر اعتماد رکھیں، اپنی اقدار کے لیے لڑیں اور کبھی بھی ہمت نہ ہاریں۔