لاہور: پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان نے ٹویٹر پیغام میں کہاکہ پولیس میری رہائش گاہ کا محاصرہ کرچکی ہے ۔میری گرفتاری سے پہلے شایدیہ میرا آخری بیان ہو۔انہوں نے زمان پارک میں ویڈیو پیغام میں مزید کہاکہ آج خوف ہے پاکستان اس راستے پر نکل گیا جو تباہی کا راستہ ہے۔ ایک سال سے ملک میں افراتفری مچی ہوئی ہے۔ خوف ہے حکمت نہ استعمال کی گئی تو شاید بات وہاں پہنچ جائے جہاں ملک کے ٹکڑے واپس جمع نہ کرسکیں۔
عمران خان نے مزید کہا پورا زور لگا ہوا ہے کہ کسی طرح عمران خان کا راستہ بند کیا جائے۔ الیکشن بھی نہ ہوں، آئین بھی ٹوٹ جائے لیکن مجھے نہیں آنے دینا۔سروے دیکھ لیں پاکستان میں پی ٹی آئی کی 70 فیصد مقبولیت ہے، پی ڈی ایم نے فیصلہ کیا ہے الیکشن نہیں لڑنا، ان کو خوف ہے کہ الیکشن ہوگیا تو عمران خان آجائے گا۔
پی ٹی آئی چیئرمین نے یہ بھی کہا کہ ان کو فکر ہے اربوں روپے کے کرپشن کیس انہوں نے معاف کرائے ہیں، ان کی کوشش ہے کہ کرپشن کا پیسا محفوظ رہے۔اس کی وجہ سے پورا ملک تباہی کے راستے پر جارہا ہے۔عمران خان نے کہا یہی وجہ ہے یہ ملک کی سب سے بڑی جماعت اور فوج کو آمنے سامنے کھڑا کر رہے ہیں، یہ کامیابی سے یہ کر رہے ہیں یہ پرانے سیاستدان ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ یہ ان کو ڈرا رہے ہیں عمران خان آکر آپ کو ہٹا دے گا، میں بار بار کہہ رہا ہوں میں اداروں میں مداخلت نہیں کرتا۔میں بار بار پیغام بھجوا چکا ہوں مگر یہ ان کو ڈراتے ہیں۔مداخلت کرنی ہوتی تو جب پتا تھا کہ پچھلا آرمی چیف سازش کر رہا ہے تو تب ہٹا دیتا۔
انہوں نے کہا باقی ادارے تو مداخلت کرکے تباہ کیے جاچکے ہیں، میں نہیں چاہتا تھا کہ ایک ادارہ جو مداخلت سے بچا ہوا ہے، اس کے ساتھ بھی ایسا کیا جائے، میں نے ساری دنیا میں اپنی فوج کا دفاع کیا۔
واضح رہے کہ لاہور میں پولیس نے سابق وزیراعظم عمران خان کی رہائش گاہ زمان پارک جانے والے تمام راستے بند کردیے ہیں۔پولیس ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی کارکنوں کو زمان پارک جانے سے روکنے کیلئے راستے بند کیے گئے ہیں۔پولیس ذرائع کا کہنا ہے زمان پارک کے اطراف میں کسی بھی وقت آپریشن کیاجاسکتا ہے۔خیال رہے کہ پنجاب حکومت نے زمان پارک میں موجودشرپسندوں کو سرنڈر کرنے کی ڈیڈلائن دی ہے۔