فوجی تنصیبات پر حملہ دہشت گردی ہے، ذمہ داروں کو عبرت کا نشان بنایا جائے: علی زیدی

04:43 PM, 17 May, 2023

کراچی: پی ٹی آئی سندھ کے صدر علی زیدی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 9 مئی کو جو ہوا وہ دہشت گردی ہے۔9مئی کے واقعات کی مذمت کرتا ہوں۔

  علی زیدی میڈیا سے بات کرتے ہوئے آبدیدہ ہو گئے۔ ان کا کہنا ہے کہ میں کبھی بھی تشدد کی حمایت نہیں کر سکتا ہوں، جو  کچھ ہوا وہ قابل مذمت شر پسند عمل ہے ۔ ایم ایم عالم پر کھڑے ہوئے جہاز کو جلا دیا گیا، ریڈیو پاکستان پشاور کی عمارت کو جلایا گیا میں اس سب کی مذمت کرتا ہوں۔ کور کمانڈر لاہور کے گھر توڑ پھوڑ کی گئی، شہدا کی یاد گار جلائے جانے پر بھی مجھے دلی دکھ ہوا ہے۔

علی زیدی  نے مزید کہا کہ فوج ہم سے ہے اور ہم فوج سے ہیں۔ تحریک انصاف میری جماعت ہے۔ مجھ پر کوئی دباؤ ڈال کر پارٹی نہیں چھڑوا سکتا ہے، مجھے افسوس ہے کہ پارٹی کے اندر سے ایسی آوازیں آتی ہیں۔ تحریک انصاف اس دن چھوڑوں گا جس دن عمران خان چھوڑیں گے۔ یہ میری جماعت ہے، میں نے بنائی ہے یہاں تک کہ میری سیاسی پیدائش بھی تحریک انصاف میں ہوئی ہے۔ میں عمران خان کے علاوہ کسی کو سیاستدان نہیں مانتا ہوں۔

علی زیدی نے مزید گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مجھے علاج کے لئے کلفٹن ہسپتال لایا گیا تھا، میں نے درخواست دی تھی کہ مجھے چار پانچ دن سے کمر میں تکلیف ہے، ڈاکٹر نے کہا کہ میرا ایکسرے بھی ہونا ہے۔  یہ لوگ مجھے جیکب آباد لے کے جا رہے تھے میری درخواست پر میرے گھر کو  سب جیل قرار دے کر کراچی لے آیا گیا.

مزیدخبریں