سڈنی: پاکستان کرکٹ بورڈ منیجمنٹ کمیٹی کے سربراہ نجم سیٹھی نے پاک بھارت ٹیسٹ سیریز کے لئے آسڑیلیا، انگلینڈ اور جنوبی افریقہ کے وینیو کی حمایت کر دی۔
سڈنی مارننگ ہیرالڈ کو انٹرویو دیتے ہوئے پی سی بی منیجمنٹ کمیٹی کے سربراہ نجم سیٹھی نے کہا کہ پاک بھارت ٹیسٹ سیریز آسڑیلیا، انگلینڈ یا بھر جنوبی افریقہ میں کھیلی جا سکتی ہے۔ ہمارے لئے پہلا آپشن انگلینڈ اور دوسرا آسٹریلیا ہے، تاہم اگر آسٹریلیا میں ہاؤس فل ہو سکتا ہے تو ادھر بھی ٹیسٹ سیریز کرائی جا سکتی ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ پاک بھارت ٹیسٹ سیریز ہمیں دبئی میں سستی پڑے گی، آسٹریلیا کو بھی نیوٹرل وینیو کے طور پر نظر میں رکھا ہوا ہے۔
ایشیا کپ کے حوالے سے نجم سیٹھی کا کہنا تھا کہ بھارت کوہم ہائبرڈ ماڈل پیش کر چکے ہیں، انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کو ورلڈ کپ اور چیمپیئنز ٹرافی بچانے کے لئے اب میدان میں اترنا پڑے گا، آئی سی سی کو چاہیئے کہ وہ بھارت سے بات کرے کہ پاکستان میں جا کر کھیلو اگر نہیں تو ہائبرڈ ماڈل کا انتخاب کرو۔
واضح رہے کہ گزشتہ سال بھی پاک بھارت سیریز کے خبریں گردش کر رہی تھیں لیکن دونوں کے درمیان سیاسی کچھاؤ کے باعث دو طرفہ سیریز نہیں ہو پا رہی تھی۔ پاکستان اور بھارت کے درمیان سال 2007 کے بعد سے کوئی ٹیسٹ سیریز نہیں کھیلی گئی، جبکہ 2013 میں دونوں ٹیموں نے آخری بار باہمی سیریز کھیلی تھی جس میں گرین شرٹس نے ہندوستان کو ہوم گراؤنڈ پر 1-2 سے ہرایا تھا۔