اسلام آباد:وینٹی لیٹر پر موجود پاکستانی معیشت کو سہار ا دینے کیلئے موجودہ حکومت نے رابطے تیز کر دئیے ہیں اور لگ ایسا رہا ہے کہ حکومت کہیں نہیں جا رہی بلکہ وزیر اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت ہونے والے اتحادی پارٹیوں کے اجلاس میں بھی یہ فیصلہ کر لیا گیا ہے کہ عمران خان کاالیکشن کرانے کا مطالبہ کسی صورت منظور نہیں کیا جائیگا بلکہ حکومت اپنی اتحادی جماعتوں کیساتھ مل کر ملکی معیشت کو بہتر بنانے کیلئے اہم فیصلے کر ے گی ۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل سے ایشیائی ترقیاتی بینک کے وفد نے ملاقات کی،وفد میں ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر وان فارسان بن وان سلیمان اور نور احمد شامل تھے۔اے ڈی بی کے کنٹری ڈائریکٹر یونگ یئے، سیکرٹری خزانہ اور دیگر سینئر افسران نے بھی شرکت کی۔
اس موقع پر وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے کہا کہ اے ڈی بی اصلاحاتی ایجنڈے اور ترقیاتی منصوبوں بارے ہمیشہ بہترین معاون رہا ہے۔اے ڈی بی نے توانائی، تعلیم، مالیاتی اور قرض کے انتظام اور سماجی و اقتصادی ترقی میں اہم کردار ادا کیا۔ ترجیحی شعبوں میں اصلاحات کیلئے اے ڈی بی ہمیشہ ترقیاتی پارٹنر رہا ہے۔
وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ حکومت معیشت کو جامع اور پائیدار ترقی کی راہ پر واپس لانے کے لئے مختلف ساختی اصلاحاتی اقدامات پر کام کر رہی ہے۔ملاقات میں وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے ان اقتصادی چیلنجوں پر قابو پانے میں مکمل اعتماد کا اظہار کیا اور موجودہ حکومت کو ورثے میں ملنے والے معاشی چیلنجوں پر روشنی ڈالی۔
اے ڈی بی حکام نے انفراسٹرکچر، سماجی اور مالیاتی شعبوں میں اصلاحات کیلئے تعاون کا عزم دھرایا، اے ڈی بی حکام کا اصلاحاتی پروگراموں اور ترقیاتی ایجنڈے کیلئے تعاون کے عزم کا اعادہ کیا۔اے ڈی بی حکام کا مالیاتی انتظام، مسابقت بڑھانے اور نجی شعبے کی ترقی کے لئے تعاون جاری رکھنے کا اعلان بھی کیا۔