شہباز شریف فوجی اور امریکی بوٹ پالش کرتا ہے، لوٹوں کیخلاف فیصلہ دینے پر سپریم کورٹ کا شکریہ: عمران خان 

08:03 PM, 17 May, 2022

نیوویب ڈیسک

کوہاٹ: چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ شہباز شریف فوجیوں اور امریکیوں کے جوتے اچھے پالش کرتا ہے اسی وجہ سے وزیر اعظم بنا ہے۔ کل ان کی دوحا میں آئی ایم ایف سے دوبارہ میٹنگ ہے۔ان کے پاس اب صرف ایک ہی راستہ بچاہے یہ امریکنوں سے مدد مانگیں گے۔

 سابق وزیراعظم عمران خان نے کوہاٹ میں  جلسے سے خطاب میں کہا ہے کہ لوٹوں کے خلاف فیصلے پر سپریم کورٹ کا شکریہ ادا کرتے ہیں، سپریم کورٹ نے پاکستان کی اخلاقیات کو گرنے سے بچایا جبکہ  ہم چوروں کو ملک پر مسلط نہیں ہونے دیں گے۔  جلسہ گاہ میں پوری طرح لائٹیں نہیں اور تعداد ٹھیک انداز میں پتہ نہ چلنے کا مجھے افسوس ہے، دن میں ہوتا تو یہ جلسہ کوہاٹ کی تاریخ کا سب سے بڑا جلسہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں بڑھنے لگی ہیں، امپورٹڈ حکومت خوف زدہ ہے، جدھر سے ان کی حکومت بنی ان کا حکم ہے کہ پیٹرول اور ڈیزل مہنگا کیا جائے۔ شہباز شریف کو وزیراعظم بننے کا بڑا شوق تھا، اس نے بڑی دیر سے اچکن سلوائی ہوئی تھی، آج ن لیگ کے مقابلے میں واقعی زرداری بھاری ہے، ساری گالیاں ن لیگ کو پڑرہی ہیں اور زرداری مزے کر رہا ہے۔

عمران خان کا کہناتھاکہ شہبازشریف، زرداری اور فضل الرحمان تینوں نے زورلگاکرہماری حکومت گرائی، زرداری وفاقی حکومت میں بیٹھا ہے اور سندھ پر بھی قبضہ ہے۔ ڈالرکے مقابلے میں روپیہ گر رہا ہے اور گالیاں شہباز شریف کو پڑ رہی ہیں، ہم نے روس سے تیل خریدنے کافیصلہ کیا تھا، روس سے تیل لینے سے عوام کو 30 فیصد پیٹرول سستا ملناتھا۔

پی ٹی آئی چیئرمین کا کہنا تھاکہ امریکیوں کو جانتا ہوں یہ ڈالر ایسے نہیں دیں گے، مزید غلامی کرائیں گے، امپورٹڈحکومت پر اس وقت خوف طاری ہے، جو چہرے ہم پر مسلط کیے گئے اورجنھوں نے مسلط کیے ان کوپیغام ہے یہ آزاد ملک ہے، یہ کہیں گے ڈالر دو ورنہ عمران خان پھر واپس آ جائے گا۔ان کا کہنا تھاکہ  اللہ نے ہمیں یہ اجازت ہی نہیں دی کہ آپ نیوٹرل ہوجاؤ، بیچ کا کوئی راستہ نہیں۔

انہوں نے کہا کہ آج جو حکومت ہے یہ ہمیں کہتے رہے آپ نا اہل ہیں، ہم تجربہ کار ہیں، کدھر گیا وہ تجربہ؟ ملک کی معیشت تباہ کردی گئی ہے، سب نے کہا شہباز شریف تجربہ کار ہے صبح سات بجے اٹھ جاتا ہے، شہباز شریف کدھر گیا وہ تجربہ؟ یہ اللہ کا کرم ہے کہ یہ اب چھپتے پھر رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھاکہ جب انھوں نے ہماری حکومت گرائی سب سے زیادہ ڈالر ملک میں آرہا تھا، پاکستان میں سرمایہ کاری کے لیے بیرون ملک پاکستانیوں نے پروگرام بنائے، ہم نے سب سے زیادہ برآمدات کیں، انڈسٹری کو اوپراٹھایا، پاکستان میں 50 سال بعد ہم نے ڈیم بنانا شروع کیے تھے، ہم نے سستی سڑکیں بنا کر ایک ہزار ارب روپے بچائے۔عمران خان کا کہنا تھاکہ میں آپ کو سیاست نہیں تبلیغ سکھا رہا ہوں، میں آپ کو تبلیغ کرکے دین سیکھا رہا ہوں۔

سپریم کورٹ کے فیصلے سے متعلق ردعمل دیتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھاکہ لوٹوں کے خلاف فیصلے پر سپریم کورٹ کا شکریہ ادا کرتے ہیں، سپریم کورٹ نے پاکستان کی اخلاقیات کو گرنے سے بچایا، جو لوگ ووٹ بیچتے ہیں اپنے لوگوں، آئین اور جموریت سے غداری کرتے ہیں، شکر ہے سپریم کورٹ نے آج ان کی ووٹ کو رد کردیا۔ حمزہ شریف نے بھی بڑی دیر سے اچکن سلوائی، اب اچکن کو بھی رکھو اور پنجاب میں مرغی کی قیمتیں بھی نیچے آجائیں گی۔

ان کا مزید کہنا تھاکہ سپریم کورٹ سے ایک اور درخواست ہے کہ شریف فیملی کے کرپشن کیسز آپ سنیں کیونکہ ایف آئی اے کو تباہ کردیا ہے، ایف آئی اے کو دو افسران کوہارٹ اٹیک ہوا اس پربھی سپریم کورٹ ایکشن لے، انہوں نے 2008 سے 2018 تک جو کرپشن کی ان پر اربوں روپے کےکیسز ہیں، ہمیں اور کسی پر اعتماد نہیں رہا، آپ شریف خاندان کے کرپشن کےکیسز سنیں۔

سابق وزیراعظم کا کہنا تھاکہ ہم چوروں کو ملک پر مسلط نہیں ہونے دیں گے، ہم صرف ایک چیز چاہتے ہیں الیکشن کراؤ، عوام کو فیصلہ کرنے دو قیادت کون کرے گا، امریکا سے امپورٹڈ حکومت کو نہیں مانتے، 40 ا رب روپے کا ڈاکا پڑاہے اس کیس کو کیسےچھوڑا جاسکتا ہے؟ 

ان کا کہنا تھاکہ جب یہ باہر جاتے ہیں تو ان کی کانپیں ٹانگتی ہیں، یہ امریکیوں کی آنکھ میں آنکھ ڈال کربات نہیں کرسکتے، یہ ایبسلوٹلی ناٹ نہیں کہہ سکتے، یہ چھانگے مانگے والا پاکستان نہیں رہا، ایک طرف پی پی اور دوسری طرف ن لیگ ووٹوں کی خریداری کرتی تھی، نہ ہم کسی لوٹے کو خریدتے ہیں، نہ ہم کسی کو معاف کرتے ہیں، یہ نیا پاکستان ہے، یہاں اخلاقیات کو فروغ دینا ہے۔

مزیدخبریں