اسلام آباد:محکمہ موسمیات نے گرمی سے پریشان عوام کو بڑی خوشخبری سناتے ہوئے کہا کہ موسم نے انگڑائی لے لی ہے اور جس شدت سے گزشتہ 10 دنوں سے تیز دھوپ اور گرم ہوائیں چل رہیں تھیں ،پنجاب میں اسلام آباد اور اس کے گردو نواح میں بارش کے بعد گرم ہوائوں کی اس شدت میں کمی ہونا شروع ہو گئی ہے ۔
تفصیلات کے مطابق دارالحکومت میں دو دن کی شدید گرمی کے بعد موسم نے انگڑائی لے لی،شام ہوتے ہی کالی گھٹائوں نے اسلام آباد کے موسم کو خوشگوار بنا دیا،ٹھنڈی ہوائوں کے باعث درجہ حرارت میں کمی آگئی۔
دوسری جانب ملک کے بیشتر شہروں میں گرمی کی شدید لہر برقرار ہے ،جیکب آباد، نورپورتھل میں پارہ 48ڈگری کو چھو گیا ،سبی اورجہلم میں47 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ،شدید گرمی میں ہیٹ ویو کے خطرے کے پیش نذر اسلام آباد کے نجی اورسرکاری تعلیمی اداروں میں پرائمری کلاسز بند کرنے کا اعلان کردیاگیا،چھٹی سے اوپر تمام کلاسز کا دورانیہ 8 سے 11 کر دیا گیا۔
گلگت بلتستان، کشمیراورملحقہ پہا ڑی علاقوں میں چند مقامات پرتیزآندھی اورگرج چمک کے ساتھ ہلکی بارش کا امکان ہے ،کوہاٹ میں شدید بارش اور تیزہواؤں نے تحریک انصاف کی ساری تیاریاں درہم برہم کردیں۔
آگ برساتا سورج اور لوکے تھپیڑے ،ملک کے میدانی علاقوں میں موسم آج بھی شدید گرم ہے لیکن محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ اگر اسی طرح اسلام آباد اور اس کے گردو نواح میں بارش اور تیز ہوائوں کا سلسلہ جاری رہا تو پنجاب کے دیگر شہروں میں موسم میں موجود گرمی کی شدت میں کمی آ سکتی ہے ۔