اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے چینی شہریوں کی سیکیورٹی مزید سخت کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے متعلقہ اداروں کو ضروری اقدامات اٹھانے کی ہدایات جاری کر دی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت چینی شہریوں کی سیکیورٹی سے متعلق اجلاس ہوا جس میں وزیر داخلہ رانا ثناءاللہ اور احسن اقبال سمیت دیگر افراد شریک ہوئے جبکہ اجلاس میں سی پیک منصوبوں پر کام کرنے والے چینی باشندوں کی سیکیورٹی سخت کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ چینی باشندوں کی سیکیورٹی پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہو گا، وزارت داخلہ اور سیکیورٹی ادارے فول پروف سیکیورٹی کو ہر صورت یقینی بنائیں۔
یاد رہے کہ ملک میں چینی باشندوں پر حملوں کے واقعات میں اضافہ ہوگیا ہے، چند روز قبل جامعہ کراچی میں چینی اساتذہ کو خاتون کے ذریعے خودکش حملے کا نشانہ بنایا گیا تھا۔
دوسری جانب گزشتہ روز قانون نافذ کرنے والے اداروں نے ہوشاب سے ایک خاتون بمبار کو گرفتار کیا گیا ہے جو سی پیک کے روٹ سے گزرنے والی چینی باشندوں کی گاڑی نشانہ بنانا چاہتی تھی۔