اسلام آباد: سپریم کورٹ آف پاکستان نے آئین کے آرٹیکل 63 اے کی تشریح کیلئے دائر صدارتی ریفرنس کی سماعت مکمل کر لی ہے اور فیصلہ آج شام 5 بجے سنانے کا اعلان کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس عمر عطاءبندیال کی سربراہی میں جسٹس اعجاز الاحسن، جسٹس مظہر عالم، جسٹس منیب اختر اور جسٹس جمال خان مندوخیل پر مشتمل پانچ رکنی لارجر بینچ نے صدارتی ریفرنس کی سماعت کی۔
ذرائع کے مطابق آج کی سماعت کے دوران پاکستان مسلم لیگ (ن) کے وکیل مخدوم علی خان کے معاون وکیل نے تحریری گزارشات جمع کرائیں اور تحریری دلائل میں عدالت سے مہلت طلب کی۔
پاکستان مسلم لیگ (ن) کے وکیل مخدوم علی خان نے دلائل پیش کرتے ہوئے کہا کہ حالات تبدیل ہوگئے ہیں لہٰذا مجھے موکل سے نئی ہدایات لینے کیلئے وقت دیا جائے جبکہ اٹارنی جنرل اشتر اوصاف نے کہا کہ دیکھنا ہوگا کہ کیا آرٹیکل 63 اے ایک مکمل کوڈ ہے اور یہ بھی دیکھنا ہو گا کہ کیا اس میں مزید کچھ شامل کرنے کی ضرورت ہے یا نہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ پارٹی پالیسی سے انحراف کر کے ووٹ شمار ہو گا، عدالت ایڈوائزی اختیار میں صدارتی ریفرنس کا جائزہ لے رہی ہے، صدارتی ریفرنس اورقانونی سوالات پرعدالت کی معاونت کروں گا۔