اسلام آباد: سابق وفاقی وزیر شیخ رشید نے کہا ہے کہ آصف زرداری نے نواز شریف سے بدلہ لیا ہے ۔ اگلے 48 گھنٹوں میں فیصلے ہو جائیں گے ۔
اپنے بیان میں شیخ رشید نے کہا کہ پنجاب میں کوئی حکومت نہیں ہے ، یہ ملک موجودہ حکومت سے نہیں چل رہا ۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف اب واپس آئیں اُن کو کس نے روکا ہے ۔ جس جہاز میں نواز شریف بیٹھ کر آئیں گے اُس میں چور اور غدار کے نعرے لگیں گے ۔
سابق وزیر نے کہا کہ اس سے زیادہ ملک کی توہین اور کیا ہو گی کہ فرد جرم والوں کو وزیراعظم اور وزیراعلیٰ بنایا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ ایف آئی اے میں حمزہ شہباز ، فریال اور زرداری کے کیسز کو ختم کرنے پر کام ہو رہا ہے ۔ ایف آئی اے میں افسران چھٹیوں پر جا رہے ہیں ۔
شیخ رشید نے کہا کہ جس نے عمران حکومت گرانے کا ماسٹر پلان بنایا تھا وہ عقل کا اندھا تھا ، پلان بنانے والے کو پتا نہیں تھا عمران خان اتنا مقبول ہو کر نکلے گا ۔ آج سارے ملک میں چور اور غدار کا ہی نعرہ لگ رہا ہے ۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان کی اپنی سیاست ہے اور میں ان کے ساتھ ہوں ، 20 مئی کو عمران خان ملتان سے کال دے گا ۔