لاہور: پنجاب حکومت نے کورونا وباءپر قابو پانے کیلئے ویکسی نیشن کا عمل تیز کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے تاکہ کم عرصے میں زیادہ سے زیادہ افراد کو ویکسین لگائی جا سکے۔
تفصیلات کے مطابق لاک ڈاؤن کے بعد کورونا وباءکی صرتحال کا جائزہ لینے کیلئے اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا جس میں صوبائی وزراءراجہ بشارت، ڈاکٹر یاسمین راشد، چیف سیکرٹری پنجاب اور متعلقہ حکام نے شرکت کی۔
صوبائی وزیر قانون راجہ بشارت کا کہنا تھا کہ حکومت کو لاک ڈاؤن کے باعث کاروباری افراد کے مالی نقصان کا مکمل ادراک ہے، تاجر برادری مارکیٹوں میں احتیاطی تدابیر پر عمل کر کے وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کی حکومتی کوششوں کا ساتھ دے، وائرس کی تیسری لہر خطرناک ہے اس لئے عوام سے بھی اپیل ہے کہ وہ ایس او پیز پر عملدرآمد یقینی بنائیں۔
صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد کا کہنا تھا کہ لاک ڈاؤن کے دوران احتیاطی تدابیر پر عمل کا مثبت نتیجہ سامنے آ رہا ہے، صوبے میں ویکسی نیشن کا عمل تیزی سے جاری ہے اور گزشتہ 24 گھنٹوں میں 97 ہزار سے زائد افراد کو ویکسین لگائی گئی، کورونا سے تحفظ کیلئے پنجاب میں 4کروڑ کے قریب آبادی کو ویکسین لگانا ہو گی۔
پنجاب حکومت کا کورونا وباءپر قابو پانے کیلئے ویکسی نیشن کا عمل تیز کرنے کا فیصلہ
09:27 PM, 17 May, 2021