راولپنڈی: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ پاکستان یورپی یونین کیساتھ مختلف شعبہ جات میں تعلقات کو فروغ دینا چاہتے ہیں۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے یورپی یونین کی سفیر اینڈرولا کیمینارا کی جنرل ہیڈ کوارٹرز (جی ایچ کیو) ملاقات ہوئی۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات میں افغان امن عمل پرپیش رفت پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں خطہ کی مجموعی سیکیورٹی کی صورت حال پر بھی غور کیا گیا۔
ملاقات کے دوران آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ پاکستان یورپی یونین سے اپنے تعلق کو بڑی اہمیت دیتا ہے، ہم مختلف شعبہ جات میں باہمی مفاد کے تحت تعلقات کو فروغ دینا چاہتے ہیں۔