ایکنک کمیٹی کی تشکیل نو، وفاقی وزیر خزانہ شوکت ترین چیئرمین مقرر

ایکنک کمیٹی کی تشکیل نو، وفاقی وزیر خزانہ شوکت ترین چیئرمین مقرر
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

اسلام آباد: وفاقی وزیر خزانہ شوکت ترین کو قومی اقتصادی کونسل کی انتظامی کمیٹی (ایکنک) کا چیئر مین مقرر کر دیا گیا ہے اور اس کا نوٹیفکیشن بھی جاری کیا جا چکا ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم پاکستان عمران خان نے قومی اقتصادی کونسل کی ایگزیکٹو کمیٹی کی تشکیل نو کردی ہے اور وفاقی وزیر خزانہ شوکت ترین کو اس کا چیئرمین مقرر کیا گیا ہے جبکہ کابینہ ڈویژن نے ایکنک کمیٹی کی تشکیل نو کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا ہے۔ 
کابینہ ڈویژن کی جانب سے جاری کئے گئے نوٹیفکیشن کے مطابق وفاقی وزیر خزانہ شوکت ترین ایکنک کا چیئرمین مقرر کیا گیا ہے جبکہ وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر، وفاقی وزیر صنعت و پیداوار خسرو بختیار اور وزیر توانائی حماد اظہر ایکنک کمیٹی کے اراکین میں شامل ہیں۔
پنجاب سے وزیر خزانہ مخدوم ہاشم جواں بخت، سندھ سے نثار احمد کھوڑو اور خیبر پختونخواہ سے تیمور سلیم جھگڑا ایکنک کے رکن ہوں گے جبکہ بلوچستان سے وزیر مواصلات و ورکس نوابزادہ طارق خان مگسی ایکنک کے رکن ہوں گے۔