لاہور: مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے جاوید ہاشمی کے گرفتاری کے معاملے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ جاوید ہاشمی صاحب کی چادر چار دیواری پر حملہ ایک نیچ حرکت ہے اور گھٹیا سوچ اور ذہنیت کی عکاس ہے جس کی ہم شدید مذمت کرتے ہیں۔
مریم نواز نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری کردہ اپنے پیغام میں کہا ہے کہ سینئر لیگی رہنما جاوید ہاشمی صاحب کی چادر چار دیواری پر حملہ ایک نیچ حرکت ہے اور گھٹیا سوچ اور ذہنیت کی عکاس ہے جس کی ہم شدید مذمت کرتے ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ جو چاہے کر لو، وقت بدل رہا ہے۔ اس وقت سے ڈرو جب اپنے بچاو کے لیے تمھارے پاس حکومت اور حکومتی طاقت نہیں رہے گی۔ انشاءاللّہ فتح حق اور سچ کی ہوگی۔
دوسری جانب لیگی رہنما جاوید ہاشمی نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ سے ویڈیو پیغام جاری کیا جس میں بتایا کہ پولیس ان کی گرفتاری کے لیے رہائشگاہ پر پہنچ گئی ہے اور وہ پولیس کو اپنی گرفتاری دینے کے لیے جا رہے ہیں۔
پولیس نے میرے گھروں کو گھیر لیا ہے اور گرانا شروع کر دیا ہے، میں اپنی گرفتاری پیش کرنے جا رہا ہوں- پوچھنے پر وجہ بھی نہیں بتا رہے- pic.twitter.com/SJLTO52IJx
— Javed Hashmi (@javedhashmi55) May 17, 2021
جاوید ہاشمی نے اپنے ویڈیو پیغام میں دعویٰ کیا کہ پولیس نے ان کے گھروں کو گھیرے میں لےلیا ہے اور ان کی دیواروں کو مسمار کر رہے ہیں جس کے باعث اب وہ پولیس کے پاس اپنی گرفتاری پیش کرنے جا رہے ہیں۔
انہوں نے اپنے شیئر کردہ پیغام میں یہ بھی کہا کہ ان کی جانب سے گرفتاری کی وجہ پوچھنے پر وجہ بھی نہیں بتائی جا رہی۔
جاوید ہاشمی کے اس ویڈیو پیغام کے بعد سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے کہا جا رہا ہے کہ انہوں نے محکمہ اوقاف کی جگہ پر قبضہ کر رکھا ہے جس سے قبضہ چھڑانے کے لیے پولیس آئی ہے جس کی وجہ سے وہ پریشان ہیں۔