پشاور: عالمی وبا کے بڑھتے کیسز کے پیش نظر خیبر پختونخواہ کے تعلیمی اداروں کی تعطیلات میں 23 مئی تک توسیع کردی گئی ، پرائیویٹ سکولز ریگولیٹری اتھارٹی نے حکم نامہ جاری کر دیا ۔
تفصیلات کے مطابق صوبے میں تمام نجی سکولز ، کالجز ، یونیورسٹیاں اور ٹیوشن اکیڈمیز 23 مئی تک بند رہیں گی ۔
واضح رہے کہ پاکستان میں کورونا سے مزید 74 مریض جان کی بازی ہار گئے جس کے بعد اموات کی تعداد 19 ہزار ، 617 ہو گئی ۔ 24 گھنٹے کے دوران ملک بھر میں 36 ہزار ، 725 ٹیسٹ کئے گئے ، جن میں سے 3 ہزار ، 232 افراد میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی جبکہ کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کی شرح 8.80 فیصد رہی ۔
این سی او سی کے مطابق ملک بھر میں کورونا کیسز کی مجموعی تعداد 8 لاکھ ، 80 ہزار ، 362 تک پہنچ گئی ہے ۔
دوسری جانب دنیا بھر میں کورونا کے مہلک وار جاری ، ہلاکتیں 33 لاکھ 93 ہزار سے بڑھ گئی جبکہ 16 کروڑ ، 37 لاکھ 26 ہزار سے زائد افراد کورونا سے متاثر ہوئے ۔
ادھر ، بھارت میں بھی کورونا وائرس کا قہر کم نہ ہوا ، مزید 4 ہزار سے زائد افراد جان سے گئے ، ایک روز میں 3 لاکھ سے زائد افراد میں وائرس کی تصدیق ہوئی ۔
امریکا میں 59 لاکھ ، 97 ہزار 433 مریض ہسپتالوں ، قرنطینہ مراکز میں زیرِ علاج اور گھروں میں آئسولیشن میں ہیں ، جن میں سے 8 ہزار 16 کی حالت تشویش ناک ہے ۔