وزیر خارجہ سے فلسطینی سفیر کی ملاقات، امن و امان کی بگڑتی صورتحال پر تبادلہ خیال

02:08 PM, 17 May, 2021

اسلام آباد: پاکستان میں تعینات فلسطین کے سفیر احمد جواد امین ربعئ نے وزارتِ خارجہ میں وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی سے ملاقات کی۔ دونوں رہنماؤں کے درمیان ملاقات میں فلسطین میں امن وامان کی بگڑتی ہوئی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیر خارجہ نے معصوم فلسطینیوں کی شہادتوں پر سفیر سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ فلسطین پر اسرائیلی بربریت کو رکوانے کیلئے اہم مسلم ممالک اور عالمی برادری کے ساتھ روابط جاری رکھے ہوئے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان نے فلسطینی صدر محمود عباس اور میں نے فلسطینی وزیر خارجہ سے رابطہ کر کے انہیں حق خود ارادیت کی جدوجہد میں پاکستان کی مکمل حمایت کا یقین دلایا۔

وزیر خارجہ نے فلسطینی سفیر کو فلسطین میں اسرائیلی حملے رکوانے اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کی روشنی میں مسئلہ فلسطین کے پر امن حل کیلئے مختلف ممالک کے وزرائے خارجہ کے ساتھ ہونیوالے روابط سے آگاہ کیا۔

فلسطینی سفیر نے اس مشکل گھڑی میں پاکستان کی جانب سے بھرپور حمایت اور اظہار یکجہتی پر وزیر خارجہ کا شکریہ ادا کیا۔

سفیر احمد جواد امین ربعئ نے فلسطین میں جاری جارحیت کے خاتمے اور کشیدگی میں کمی کیلئے وزیر اعظم عمران خان اور وزیر خارجہ کی سفارتی کاوشوں کو سراہا۔

مزیدخبریں