لندن: لیسٹر سٹی کے کھلاڑیوں نے ویمبلے سٹیڈیم میں فلسطین کا جھنڈا لہرا دیا  

12:00 PM, 17 May, 2021

لندن: دنیائے فٹبال کی اہم ترین ٹیم لیسٹر سٹی نے اسرائیل کے مظالم کیخلاف انوکھا احتجاج کرتے ہوئے ویمبلے سٹیڈیم میں فلسطین کا جھنڈا لہرا دیا ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق یہ تاریخی واقعہ ایف اے کپ کے فائنل میچ میں پیش آیا۔ اس میچ میں لیسٹر سٹی اور چیلسی کی ٹیمیں ایک دوسرے کیساتھ مدمقابل تھیں۔

لیسٹر سٹی اس میچ میں چیلسی کو شکست دے کر پہلی بار ایف اے کپ کی فاتح بنی۔ اس موقع پر لیسٹر سٹی کے کھلاڑیوں نے فلسطین کی مظلوم عوام سے اظہار یکجہتی کیا اور ان کا جھنڈا لہرایا۔

خیال رہے کہ برطانوی دارالحکومت لندن کے مشہور ویمبلے سٹیڈٰیم میں کھیلے گئے اس میچ میں لیسٹر سٹی نے چیلسی کو ایک گول سے شکست دی تھی۔

اس تاریخی میچ کے پہلے ہاف میں دونوں ٹیموں نے ایک دوسرے پر تابڑ توڑ حملے کئے لیکن کوئی بھی گول کرنے میں ناکام رہیں۔

تاہم کھیل کے دوسرے ہاف کے باسٹھویں منٹ پر لیسٹر سٹی کے مایہ ناز فٹبالر ٹائیلیمنز نے حیرت انگیز گول کرکے اپنی ٹیم کو چیلسی پر برتری دلوا دی۔ اس کے بعد چیلسی کے کھلاڑیوں نے بہت کوشش کی لیکن کوئی بھی گول نہ ہو سکا، یوں لیسٹر سٹی یہ فائنل میچ ایک صفر سے جیت گئی۔

یہ بات یاد رہے کہ لیسٹر سٹی نے اس سے قبل ایف اے کپ کے فائنل میں فتح حاصل نہیں کی تھی۔ فائنل میچ میں فتح حاصل کرنے کے بعد لیسٹر سٹی کے کھلاڑیوں نے فلسطین کا جھںڈا لہرایا اور وہاں بسنے والے مظلوموں کو خراج تحسین پیش کیا۔

خیال رہے کہ اسرائیلی فوج کی فلسطینی علاقوں میں جارحیت کا سلسلہ جاری ہے، جس کے نتیجے میں مزید 54 شہادتوں کا اضافہ ہو گیا ہے۔

شہید ہونیوالوں میں سے 21 کا تعلق غرب اردن اور 33 کا غزہ ے ہے۔جبکہ شہادتوں کی کل تعداد 200 سے تجاوز کر چکی ہیں۔

مزیدخبریں