لاک ڈاؤن کی پابندیاں ختم، ملک بھر میں کاروباری سرگرمیاں بحال

10:39 AM, 17 May, 2021

لاہور: حکومت نے ملک بھر میں 8 مئی سے جاری لاک ڈاؤن کی پابندیاں اٹھاتے ہوئے کاروباری سرگرمیوں کو بحال کرنے کی اجازت دیدی ہے۔ تمام بازار اور مارکیٹیں کھل چکی ہیں، تاہم ایس او پیز پر سختی سے عمل درآمد کی ہدایت کی گئی ہے۔

خیال رہے کہ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این او سی) کی سفارشات کی روشنی میں حکومت نے 8 مئی سے 16 مئی تک ملک بھر میں تجارتی سرگرمیوں پر سخت پابندیاں عائد کر دی تھیں تاکہ کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکا جا سکے۔

آج 17 مئی سے ان پابندیوں کو اٹھاتے ہوئے احکامات جاری کئے گئے ہیں کہ تمام دکانوں اور مارکیٹوں کو رات 8 بجے تک کھولنے کی اجازت ہوگی۔

اس کے علاوہ نجی اور تمام سرکاری دفاتر میں بھی 50 فیصد عملے کیساتھ کام کرنے کی پابندی کو برقرار رکھا گیا ہے۔

این سی او سی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ انیس مئی تمام ریسٹورینٹس میں کھانا کھانے پر بھی پابندی ہوگی لیکن ٹیک اوے کی اجازت ہوگی۔

ادھر گزشتہ روز پاکستان کے دیرینہ دوست چین نے عالمی وبا کورونا وائرس سے بچاؤ کے حفاظتی ٹیکوں کی مزید بارہ لاکھ ڈوزز خصوصی طیارے کے ذریعے پہنچا دی ہیں جبکہ اگلے ماہ مزید خوراکیں بھی آئیں گی۔

حکومت اور طبی ماہرین کی جانب سے عوام سے بار بار اپیل کی جا رہی ہے کہ وہ اگر اس موذی مرض کے وار سے بچنا چاہتے ہیں تو انھیں چاہیے کہ فوری طور پر ویکسین لگوائیں۔

دوسری جانب گزشتہ گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں 3 ہزار دو سو بتیس مریض سامنے آئے ہیں جبکہ اس وائرس میں مبتلا 74 مزید افراد جاں بحق ہو چکے ہیں۔ اس وقت پورے ملک میں کورونا کے ایکٹو مریضوں کی تعداد 68223 ہو گئی ہے۔

مزیدخبریں