اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا غریب، مزدور اور محنت کشوں کا جتنا احساس وزیراعظم کے دل میں ہے کسی سابقہ حکمران کے دل میں نہیں دیکھا اور 8 ماہ کی حکومت سے 70 سال کاحساب نہیں مانگا جا سکتا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان کا مفاد ہماری اولین ترجیح ہے جبکہعمران خان کو سب سے زیادہ مزدور اور پسے ہوئے طبقے کی فکر ہے اور ہم نے مشاورت سے آگے بڑھنا ہے۔ ماضی کے حکمرانوں نے ملکی معیشت کو قرضوں تلے دبا دیا جبکہ حکومت میڈیا سے جڑے مسائل اور مشکلات سے آگاہ ہے۔
فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ ڈالر پر تبصرے کرنیوالے سائنس دان بنے ہوئے ہیں اور باتیں وہ لوگ کر رہے ہیں جنہوں نے معیشت کو لہولہان کیا اور اربوں روپے کا قرض چھوڑ کر گئے۔
قبل ازیں مشیر اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا شریف خاندان نے معاشی دہشتگردی کی اب کس منہ سے عوام کے پاس جانے کی بات کرتے ہیں۔ شریف خاندان نے عوام اور معیشت کو لہو لہان کئے رکھا اور 30 سال ملکی معیشت کا جنازہ نکالنے والے عوام کا مزید تیل نکالنا چاہتے ہیں۔