ملک کے مختلف علاقوں میں بارش اور ژالہ باری کا امکان

10:33 AM, 17 May, 2019

لاہور: محکمہ موسمیات کے مطابق آج ملک کے کئی علاقوں میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش اور ژالہ باری کا امکان ہے اور دن کے درجہ حرارت میں معمول سے 04 سے 06 ڈگری کمی کی پیش گوئی ہے۔

محکمہ موسمیات نے بتایا آج سندھ، مکران کے ساحلی علاقوں اور کراچی میں مطلع جزوی ابر آلود رہے گا۔ کہیں، کہیں تیز ہوا اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا بھی امکان ہے۔

پنجاب کے شہر راجن پور اور گرد و نواح میں تیز بارش کے بعد ندی نالوں میں طغیانی آ گئی جب کہ فلڈ کنٹرول روم کا کہنا ہے کہ 8 ہزار کیوسک گنجائش والے برساتی نالے کاہا سلطان سے 36 ہزار کیوسک کا سیلابی ریلہ گزر رہا ہے۔

فلڈ کنٹرول روم کے مطابق سیلابی ریلے کے باعث پانی نشیبی علاقوں میں داخل ہونے کا خدشہ ہے۔

بلوچستان کے مختلف اضلاع میں بھی بارشوں کے بعد ندی نالوں میں طغیانی کے باعث کئی شاہراہیں بند کردی گئیں اور مختلف حادثات میں 2 افراد بھی جاں بحق ہوئے۔

ندی نالوں میں طغیانی کے باعث کوئٹہ کراچی، ہرنائی پنجاب شاہراہ بند کر دی گئی جب کہ پھلوں کے باغات اور فصلیں شدید متاثر ہوئیں۔

مزیدخبریں