پیرس :فرانس کے ساحلی شہر کانز میں دنیا کے سب سے بڑے فلمی میلے کا آغاز ہو گیا۔ ”70ویں سالانہ کانز انٹرنیشنل فلم فیسٹیول“ میں ہر سال کی طرح اس سال بھی تمام تر جگمگاہٹ اور رعنائیاں شامل ہیں۔ فلم فیسٹیول میں شرکت کیلئے دنیا بھر سے ستاروں کی بڑی تعداد وہا ں پہنچ چکی ہے جبکہ آمد کا سلسلہ ساتھ ساتھ جاری رہے گا۔
افتتاحی تقریب میں جیوری ممبران اور اداکاروں کی بڑی تعداد شریک ہوئی جبکہ ایوارڈ کی رونمائی بھی کی گئی۔ اس سال بھی دنیا بھر سے سینکڑوں فنکار کانز فلم فیسٹیول میں شریک ہوں گے جبکہ بالی وڈ سے ایشوریہ رائے بچن، دپیکا پدوکون، شروتی ہاسن، اے آر رحمان اورسونم کپور شرکت کریں گے۔ کانز فلم فیسٹیول 17مئی سے 28مئی تک جاری رہے گا جس میں کل 25فلموں کے درمیان کڑے مقابلے کی توقع کی جا رہی ہے۔
فلم فیسٹیول میں ہر روز کسی نہ کسی فلم کا پریمیئر ہوگا اور اس کی سٹار کاسٹ اپنے مداحوں کے سامنے ہوگی۔ بارہ دن تک جاری رہنے والے اس فیسٹیول میں اداکاروں، ہدایت کاروں اور موسیقاروں سمیت فلمز سے جڑے دیگر افراد بھی شریک ہوں گے جبکہ بہترین کام کرنے والے فنکاروں کو ایوارڈز سے بھی نوازا جائے گا۔ پیرس میں فلم فیسٹیول کے موقع پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں تاکہ اداکاروں کے تحفظ کو یقینی بنایا جا سکے۔