اپنی قومی ایئر لائن پر دھبہ برداشت نہیں کریں گے، سردار مہتاب عباسی

05:04 PM, 17 May, 2017

اسلام آباد: مشیر ہوا بازی سردار مہتاب عباسی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا پی آئی اے کے جہاز سے منشیات برآمدگی کے معاملے پر تحقیقات کیلئے جے آئی ٹی بنائیں گے اور ہائی کمیشن کو براہ راست خط لکھا ہے۔ سیکریٹری ایوی ایشن کو لندن میں پاکستانی ہائی کمیشن سے رابطے کا بھی کہا ہے۔

سردار مہتاب نے کہا اپنی قومی ایئر لائن پر دھبہ برداشت نہیں کریں گے اور اگر کوئی مجرمانہ ذہن ایئر لائن کو استعمال کر رہا ہے توم عاف نہیں کرینگے۔ ان کا کہنا تھا کہ پی آئی اے کسی ادارے کے ایجنٹ کے طور پر کام نہیں کر سکتی برطانیہ کے ساتھ مشترکہ تحقیقات کے لیے بھی تیار ہیں۔

یاد رہے برطانیہ کی نیشنل کرائم ایجنسی نے اس بات کی تصدیق کی تھی کہ پاکستان کی قومی فضائی کمپنی پی آئی اے کے طیارے سے گذشتہ رات لندن ہیتھرو ہوائی اڈے پر ہیروئین برآمد ہوئی تھی۔ ایجنسی نے بیان میں مزید دعویٰ کیا تھا کہ اس حوالے سے کوئی بھی گرفتاری عمل میں نہیں آئی اور صرف تفتیش جاری ہے۔

قومی ایئر لائن کے ترجمان مشہود تاجور نے ہیتھرو ایئرپورٹ پر پیش آنے والے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا تھا کہ اسلام آباد سے لندن جانے والی پی آئی اے کی پرواز پی کے-785 پیر کی دوپہر 2 بج کر 50 منٹ پر ہیتھرو ایئرپورٹ پہنچی تھی۔

لینڈنگ پر مسافر طیارے سے اتر گئے تاہم انتظامیہ نے پی آئی اے کے عملے کو حراست میں لے لیا جبکہ طیارے کی بغور تلاشی لی۔ مشہود تاجور کے مطابق عملے میں شامل 14 ارکان کو برطانوی انتظامیہ نے 2 گھنٹے تک حراست میں رکھا گیا۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں

مزیدخبریں